کھڑگے نے پارٹی کی نو تشکیل شدہ اعلیٰ ترین پالیسی سازی باڈی ورکنگ کمیٹی کی پہلی میٹنگ طلب کی
یواین آئی
حیدرآباد/نئی دہلی؍؍کانگریس نے کہا ہے کہ حیدرآباد میں پارٹی کی اعلیٰ ترین پالیسی ساز تنظیم کانگریس ورکنگ کمیٹی کی پہلی میٹنگ منعقد کی جارہی ہے جس میں پانچ ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے ساتھ ہی مختلف امورپرتبادلہ خیال کیا جائے گا۔کانگریس نے اپنے آفیشل پیج پر ٹوئٹ کرتے ہوئے یہ اطلاع دی اور کہا کہ پارٹی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے جمعہ کو تلنگانہ کے حیدرآباد میں تھکو گوڈا کے راجیو گاندھی کے احاطے میں ایک پریس کانفرنس میں پارٹی کی اعلیٰ ترین پالیسی ساز تنظیم کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ کے بارے میں یہ معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ کمیٹی کا پہلا اجلاس کل منعقد ہورہا ہے جس میں آئندہ اسمبلی انتخابات کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کے ساتھ ساتھ ملک کے عصری سیاسی امور اور عوام کے مسائل پر غور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے ہفتہ کو حیدرآباد میں پارٹی کی نو تشکیل شدہ اعلیٰ ترین پالیسی سازی باڈی ورکنگ کمیٹی کی پہلی میٹنگ طلب کی ہے جس میں کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی، پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی، ورکنگ کمیٹی میں مستقل اور خصوصی مدعو ارکان کے ساتھ ہی کانگریس کی حکومت والی چار ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ شرکت کریں گے۔ اس میٹنگ میں ریاست میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔کانگریس جنرل سکریٹری نے امید ظاہر کی کہ کانگریس ان اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی اور تمام پانچ ریاستوں میں کانگریس کی حکومت بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت راشٹرا سمیتی کی تلنگانہ حکومت کی پوری حکومت بدعنوانی اور بدانتظامی کی لپیٹ میں ہے اور لوگ اس کی حکمرانی سے تنگ آچکے ہیں۔