نئی دہلی، /// مرکزی وزیر داخلہ اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر امت شاہ نے آج کانگریس پارٹی کے مشیر سیم پتروڈا کے ‘وراثتی ٹیکس’ سے متعلق بیان پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ کانگریس کی چاپلوسی کرنے کی خطرناک سازش ہے، جس میں اکثریت فرقے کی جائیداد ضبط کرکے اسے اقلیتوں میں تقسیم کرنا ہے ۔
مسٹر شاہ نے کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور مسٹر سیم پترودا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سیم پترودا کے ریمارکس کے بعد کانگریس پارٹی پوری طرح سے بے نقاب ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جائیداد کی دوبارہ تقسیم پر سیم پترودا کے بیان نے آج کانگریس کی خوشامد کی سیاست کو بے نقاب کر دیا ہے۔ انہوں نے ایک طرح سے کانگریس پارٹی کے اکثریت کی جائیداد ضبط کرنے اور اقلیتوں میں تقسیم کرنے کے ارادے کی تصدیق کی ہے۔ یہ ایک بار پھر واضح ہو گیا ہے کہ ہندوستان کے غریبوں، دلتوں، نوجوانوں، قبائل اور پسماندہ طبقات کو بااختیار بنانا کانگریس کے ایجنڈے میں کبھی نہیں تھا۔
بی جے پی کے سینئر لیڈر نے کہا کہ سام پترودا کے تبصرے کے بعد کانگریس پارٹی کا چہرہ پوری طرح سے بے نقاب ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ‘سروے’ کا ذکر سب سے پہلے کانگریس کے انتخابی منشور میں کیا گیا تھا۔ ڈاکٹر منموہن سنگھ نے وزیر اعظم کے عہدے پر فائزرہتے ہوئے یہ بیان دیا تھا کہ ملک کے وسائل پر اقلیتوں کا پہلا حق ہے۔ ایسی سوچ کانگریس کی میراث رہی ہے۔ اب سیم پتروڈا نے امریکہ کا حوالہ دیتے ہوئے تبصرہ کیا ہے کہ جائیداد کی تقسیم پر بات ہونی چاہئے اور وراثتی ٹیکس پر بات ہونی چاہئے۔
مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ جب وزیر اعظم نریندر مودی نے کانگریس کی سوچ کو عوام کے سامنے بے نقاب کیا کہ کانگریس اب عوام کی املاک پر جھک گئی ہے تو راہل گاندھی، سونیا گاندھی اور پوری کانگریس پارٹی بیک فٹ پر آگئی۔ کانگریس کے لیڈروں نے کہنا شروع کردیا کہ یہ ان کا ارادہ نہیں تھا، لیکن آج سیم پترودا کے بیان نے ملک کے سامنے کانگریس کی نیت صاف کردی ہے کہ وہ ملک کے لوگوں کی ذاتی جائیداد کا سروے کراکے اسے سرکاری خزانے میں ڈالنا چاہتے ہیں۔
مسٹر شاہ نے کہا کہ متحدہ ترقی پسند اتحاد (یو پی اے) حکومت کے دور میں کانگریس نے اپنی ترجیح مقرر کی تھی کہ ملک کے وسائل پر اقلیتوں اور مسلم عوام کا پہلا حق ہے۔ اس فیصلے کے مطابق کانگریس عام لوگوں کی جائیدادیں بانٹنا چاہتی ہے۔ کانگریس کو یا تو اسے اپنے منشور سے واپس لے لینا چاہئے یا یہ مان لینا چاہئے کہ واقعی یہ ان کا ارادہ ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا "میں چاہتا ہوں کہ ملک کے لوگ سیم پترودا کے بیان کو سنجیدگی سے لیں، کانگریس کی اصلی نیت اب سامنے آچکی ہے، لوگوں کو اس کا ادراک کرنا چاہیے۔ کانگریس کی پوشیدہ نیت اب بے نقاب ہوگئی ہے۔ اگر کانگریس ایسا نہیں کرنا چاہتی تو اسے اپنے منشور سے یہ واپس لے لینا چاہیے اور اعلان کرنا چاہیے کہ ان کی ترجیح غریب ہیں جیسا کہ وزیر اعظم مودی نے کہا ہے کہ یہ غریب، دلت، پسماندہ اور قبائلی عوام سے تعلق رکھتے ہیں۔ پورے ملک کو اس کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے۔