یوپی آئی
سرینگر؍؍بڈگام پولیس نے وارڈون شوٹ آوٹ کیس کو حل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہاکہ دو عسکریت پسندوں کی گرفتاری عمل میں لاکر اُن کے قبضے سے دو گرنیڈ برآمد کئے گئے۔ خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کو پولیس ترجمان کی جانب سے موصولہ بیان کے مطابق بڈگام پولیس نے وارڈ ون شوٹ آوٹ کیس جس میں سلیکشن گریڈ کانسٹیبل شمیم احمد گولیاں لگنے سے جاں بحق ہوا تھا کو حل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہاکہ پولیس اور 2آر آر سے وابستہ اہلکاروں نے دو مشتبہ افراد جن کی شناخت داود احمد گنائی ولد علی محمد ساکنہ کاشک محلہ سوئیہ بوگ اور توصیف احمد کھمبے ولد غلام محمد ساکنہ وارسن گام سوئیہ بوگ کی گرفتاری عمل میں لاکر اُن کے قبضے سے دو گرنیڈ برآمد کرکے ضبط کئے ۔ گرفتار شدگان کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر 11/2018زیر دفعہ 302,307,395/511آر پی سی کے تحت پولیس اسٹیشن بڈگام میں کیس درج کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ 11مئی 2018کے روز وارڈون میں اقلیتی طبقے کی حفاظت پر مامور اہلکاروں سے عسکریت پسندوں نے ہتھایر چھیننے کی کوشش کی تاہم متحرک اہلکاروں نے جنگجوئوں کے عزائم کو ناکام بنایا جس کے دوران ایک پولیس اہلکار گولیاں لگنے کے بعد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ پولیس ترجمان کے مطابق اس ضمن میں مزید تحقیقات جاری ہے۔