پوسٹ پیڈ کی بحالی کے بعدپری پیڈ سیکورٹی کیلئے کیونکرخطرہ // صارفین
کے این ایس
سرینگر؍؍وادی میں جاری مواصلاتی بندشوں کے بیچ25لاکھ پری پیڈ(ماقبل ادائیگی) صارفین نے ان کے ساتھ دھوکہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے سرکار سے کہا ہے کہ وہ اس بات کی وضاحت کریں کہ انکی فون سروس مسلسل کیوں منقطع ہے ۔ کشمیر نیوز سروس ( کے این ایس ) کے مطابق ریاست میں5اگست کے بعد سرکار نے مواصالاتی بندشیں عائد کی،اور تمام طرح کے موبائل فون،لینڈ لائن فون اور انٹرنیٹ سروس کو منقطع کیا،جبکہ لیز لائنوں اور برانڈ بینڈ سہولیات کو بھی بند کیا گیا۔ لینڈ لائنوں کی مرحلہ وار بنیادوں پر بحالی کے بعد70روز کے بعد پوسٹ پیڈ موبایل سروس کو بھی بحال کیا گیا،تاہم وادی میں قریب25لاکھ پری پیڈ صارفین ابھی بھی حکومت کی طرف سے پری پیڈ موبائل سروس بحال کرنے میں منطوری دینے کا انتظار کر رہے ہیں۔ ان صارفین نے انتظامیہ پر ان کے ساتھ دھوکہ دہی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پوسٹ پید سروس بحال کی گئی تو پری پیڈ سہولیات کیونکر سیکورٹی کیلئے خطرہ ہے۔ وادی سے تعلق رکھنے والے پری پیڈ موبائل صارفین گزشتہ81روز سے سروس بحال ہونے کا انتظار کر رہے ہیں۔ سرینگر کے سیول لائنز سے تعلق رکھنے والے ایک صارف نے کے این ایس کو بتایا’’ پری پیڈ موبایل کی سروس بحال نہ کرنے کے نتیجے میں براہ راست میری تجارت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں،کیونکہ گزشتہ7برسوں سے میں پری پیڈ موبایل نمبر کا استعمال کر رہا ہو،اور یہ نمبر میرے تمام گاہکوں اور خریداروں کے پاس موجود ہے‘‘۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ان سہولیات پر بندشیں ہٹا رہی ہے،جو وادی میں با اثر اور با رسوخ لوگوں کے علاوہ مالی اعتبار سے بہتر لوگ استعمال کرتے ہیں،جبکہ عام آدمی کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا’’یہ بدقسمتی ہے کہ81دن گزر جانے کے بعد کہ ہمارے نیٹ ورک کو بحال نہیں کیا گیا ،جبکہ پری پیڈ سروس کی عدم بحالی وادی میں ہزاروں صارفین کیلئے سوہان روح ثابت ہو رہی ہے۔ ایک خاتون صارف کا کہنا تھا کہ اس کا بیٹا بیرون ملک کام کر رہا ہے،اور پری پیڈ موبائل فون کی سروس کی عدم بحالی کے نتیجے میں وہ اپنے بیٹے سے رابطہ قائم کرنے سے قاصر ہے،جبکہ انہیں پوسٹ پیڈ نمبر بھی فراہم نہیں کیا جا رہا ہے،اور نا ہی وہ اس کو نکالنے کے طریقہ کار سے واقف ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سرکار پری پیڈ موبائل سروس کی بحالی کیلئے مثبت انداز سے اس کو زیر غور لایں،کیونکہ پری پیڈ صارفوں کو وادی میں بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔کئی ایک صارفوں کا کہنا ہے کہ حکومت اس بات کی وضاحت کریں کہ پری پیڈ موبائل فون سیکورٹی کیلئے کس طرح خطرہ ہے،جبکہ پوسٹ پیڈ فون بحال کئے گئے ہیں۔