رودرپور/نینی تا//اتراکھنڈ کی ادھم سنگھ نگر پولیس نے 57 لاکھ روپے کے ای سگریٹ کے ساتھ دو اسمگلروں کو گرفتار کیا ہے۔ ملزمان برآمد شدہ سگریٹ نیپال سے دہلی لے جا رہے تھے۔
ادھم سنگھ نگر پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق تھانہ ستار گنج کی طرف سے آپریشن پرہار کے تحت اتوار کی رات سب انسپکٹر اندر سنگھ کی قیادت میں چیکا گھاٹ پل کے نزدیک اسمگلروں کے خلاف تحقیقاتی مہم چلائی جارہی تھی۔
اس دوران سوئفٹ کار کو روک کر اس کی جانچ کی گئی تو اس سے ای سگریٹ کے 11 ڈبے برآمد ہوئے۔ برآمد ہونے والے سگریٹ کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت 57 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ گاڑی میں سوار دو اسمگلروں ناظم خان اور افروز ساکن وارڈ نمبر 2 اسلام نگر، نوری مسجد کے نزدیک، کھٹیما کو گرفتار کر لیا گیا۔
ملزمان نے بتایا کہ دونوں برآمد شدہ سامان نیپال کے رنکو روکایا نامی شخص سے لائے تھے اور دہلی لے جا رہے تھے۔ ملزمان کے خلاف ستار گنج تھانے میں الزامات درج کرلیے گئے ہیں۔
ادھم سنگھ نگر کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ٹی ایس منجوناتھ کے مطابق اس آپریشن میں اہم کردار ادا کرنے والے تمام پولیس اہلکاروں کو مین آف دی منتھ سے نوازا جائے گا۔ ایس ایس پی کی جانب سے ٹیم کو 2500 روپے کا انعام بھی دیا گیا ہے۔