یوپی آئی
سرینگر؍؍نئی دہلی سے سرینگر تک افواہیں گشت کر رہی ہیں کہ پی ڈی پی کے کئی ممبران اسمبلی نے نیشنل کانفرنس اور کانگریس سے رابط قائم کیا ہے اور وہ پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کیلئے پر تول رہے ہیں۔ادھر نیشنل کانفرنس اور کانگریس نے الیکشن کا بگل بجاتے ہوئے کارکنان اور عہدیدارن کو اپنی سرگرمیاں تیز کرنے کا فرمان جاری کیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ تمام حلقہ صدور اور ضلع صدور کو اپنے اپنے علاقوں میں لوگوں کے ساتھ میٹنگیں کرنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔بی جے پی کی جانب حکومت سے علیحدہ ہونے کے بعد پی ڈی پی کو سیاسی طورپر شدید دھچکا لگا ہے۔ اگر چہ پی ڈی پی کے کئی ممبران اسمبلی اور سینئر لیڈران نے پہلے ہی بھارتیہ جنتاپارٹی سے ہاتھ ملانے کو پارٹی کیلئے سم قاتل قرار دیا تاہم محبوبہ مفتی نے بی جے پی کے ساتھ ہاتھ ملانے کو ہی بہتر سمجھا ۔ ذرائع کے مطابق بی جے پی کی جانب سے حکومت سے علیحدگی اختیار کرنے بعد پی ڈی پی کے کئی ممبران اسمبلی نے کانگریس اور نیشنل کانفرنس کی ہائی کمانڈ سے رابط قائم کیا ہے۔ نئی دہلی اور سرینگر میں افواہیں گشت کر رہی ہیں کہ کئی پی ڈی پی ممبران اسمبلی نے نیشنل کانفرنس اور کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے کا من بنایا ہے تاہم ابھی تک این سی یا کانگریس کی جانب سے اس سلسلے میں کوئی رد عمل سامنے نہیں آیاہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پی ڈی پی کے کارکنان اور سینئر لیڈران لوگوں میں جانے سے خوف محسوس کر رہے ہیں اور انہوں نے اس سلسلے میں پہلے ہی پارٹی ہائی کمانڈ کو آگاہ کیا ہے کہ بھارتیہ جنتاپارٹی کے ساتھ ہاتھ ملانا اُن کیلئے نقصان دہ ثابت ہواہے۔ ادھر نوائے صبح کمپلیکس میں نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈران کی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں تمام اضلاع کے ضلع صدور ، حلقہ صدور نے شرکت کی ۔ میٹنگ کے دوران کارکنان اور لیڈروں کو الیکشن کی تیاریوں کے سلسلے میں لوگوں کے ساتھ قریبی رابط قائم کرنے پر زور دیا گیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ نیشنل کانفرنس کے لیڈران نے حلقہ اور ضلع صدور کو اپنے اپنے علاقوں میں سیاسی سرگرمیاں تیز کرنے کا مشورہ دیا ہے جبکہ لوگوں کے ساتھ قریبی تال میل بنائے رکھنے پر بھی انہیں زور دیا گیا ہے۔