پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل پر زور
جموں/ صنعت و حرفت اور جیالوجی و مائننگ کے پرنسپل سیکرٹری نوین کمار چودھری نے آج علاحدہ میٹنگوں کے دوران اِلتوا ٔ میں پڑے پروجیکٹ سکیم کے تحت منظور کئے گئے صنعت و حرفت محکمہ کے بنیادی ڈھانچے کو ترقی دینے کے پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا ۔ متعلقہ محکموںکے سربراہان نے جاری پروجیکٹوں کے بارے میں تفصیلات پیش کیں۔میٹنگ میں مختلف پروجیکٹوں کی عمل آوری میں محکموں کو درپیش چیلنجوں اور کیپکس کے تحت رقومات کی دستیابی اور اخراجات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پرنسپل سیکرٹری نے غیر قانونی کان کنی اور نظام میں بہتری لانے کے علاوہ دیگر معاملات پر کئے جارہے اقدامات کے بارے میں جانکاری طلب کی۔ اُنہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ آنے والے مہینوں کے دوران کارکردگی کے بارے میں ایک بار چارٹ تیارکریں تاکہ مقررہ وقت کے اندر ہر ایک پروجیکٹ کی تکمیل یقینی بنائی جاسکے ۔ چودھری نے محکمانہ اثاثوں اور صنعتی بستیوں کی دیکھ ریکھ یقینی بنانے کے لئے افسران کو ہدایت دی ۔اُنہوں نے اِلتوأ میں پڑے پروجیکٹوں پر جاری کام کی نگرانی کے لئے بھی ہدایات جاری کیں۔ میٹنگ میں ایڈیشنل سیکرٹری صنعت و حرفت رومیش کمار ، منیجنگ ڈائریکٹر سیکاپ اتل شرما،ڈائریکٹر صنعت و حرفت جموں انو ملہوترہ، ڈائریکٹر جیالوجی اینڈ مائننگ ایف اے خان، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے انڈسٹریز جاوید اقبال و دیگر متعلقہ افسران بھی موجو دتھے