یواین آئی
نئی دہلی؍؍وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے آج کہاکہ نوٹ بندی سے معیشت دو یا تین سہ ماہی تک متاثر ہو سکتی ہے لیکن اس کا فائدہ طویل مدتی ہوگا۔مسٹر جیٹلی نے آج یہاں ‘دی اکانومسٹ’ میگزین کے ذریعہ منعقد ‘انڈیا سمٹ’ میں کہا کہ نوٹ بندی سے بے ضابطہ معیشت باضابطہ بن گئی ہے اس سے نظام میں شفافیت آئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جن مقاصد سے نوٹ بندی کی گئی تھی وہ حاصل ہوگئے ہیں اور سچائی یہ ہے کہ بینک میں پیسہ جمع کرانے سے وہ جائز نہیں ہوجاتا۔وزیر خزانہ نے کہاکہ نوٹ بندی سے ٹیکس کے نظام کو بھی فائدہ ہوا ہے جس سے براہ راست اور بالواسطہ ٹیکس میں اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے سرکاری بینکوں کے قرض کے مسائل سے نمٹنے کی تدابیر کی ہیں اور اس کیلئے کئی قدم اٹھائے گئے ہیں۔ بحران میں مبتلا قرض کو نمٹانے کے عمل میں وقت لگے گا اور اس کیلئے کوئی شارٹ کٹ نہیں ہوسکتا ہے ۔ مسٹر جیٹلی نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کو قرض چکانا ہی ہوگا یا کسی دوسرے کو کاروبار سونپنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ عالمی معیشت کے مقابلے ہندستانی معیشت تیزی سے بڑھ رہی ہے اور ہندستان دنیا میں راست غیرملکی سرمایہ کاری کیلئے سب سے پرکشش مرکز بنا رہے گا۔انہوں نے کہاکہ ملک میں اشیاء و سروس ٹیکس (جی ایس ٹی) کامیابی کے ساتھ لاگو ہوگیا ہے اور پہلے ماہ میں جی ایس ٹی ریونیو کی آمدنی حکومت کے اندازہ سے زیادہ رہی ہے ۔