عمرارشدملک
نوشہرہ جمعہ کو ایک بار پھر نوشہرہ میں بند کے دوران احتجاج میں ملک دشمن نعرے بلند کئے گے لیکن ابھی تک کسی بھی قسم کی کوئی کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق نوشہرہ میں علیحدہ ضلع کے مطالبے کو لیکر بیوپار منڈل اور دیگر تنظیموں نے بند کی کال دے رکھی ہے اور اس دوران ہر روز احتجاجی مظاہرے بھی کئے گے لیکن جمعرات کو احتجاج کے دوران نوجوانوں کی ایک ٹولی نے پاکستان زندہ باد کے نعر ے بلند کئے جس کے بعد ابھی تک ان ملک دشمنوں کے خلاف کوئی کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی اور بتایا کہ جلد بازی اور غصے میں زبان پھسل گئی لیکن جمعہ کو ایک بار پھر سے پاکستان کے حق میں نعرے لگائے گے۔ ذرائع کے مطابق ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس کی گاڑی جس وقت نوشہر ہ چوک سے گزرتے ہی چند احتجاجیوں نے ایک بار پھر پاکستان زندہ باد کے نعرے لگانا شروع کردئے جبکہ جمعرات کو جن نوجوانوں نے پاکستان کے حق میں نعرے بلند کئے تھے ان کے خلاف ابھی تک کوئی کاروائی نہیں کی گی ۔ وہیں ایس ڈی ایم نوشہرہ عبدالستار سے رابطہ قائم کرنے پر انہوں نے بتایا کہ ملک دشمن نعرے بازی کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت کاروائی کی جائے گی اور پولیس اس معاملے پر تحقیقات کررہی ہے جلد ہی غلط نعرے بازی کرنے والوں کے خلاف کاروائی ہوگی ۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے نوشہرہ تھانہ میں ملک دشمن نعرے بازی میں ملوث افراد کے خلاف کیس درج کردیا لیکن آخری اطلاع تک پولیس کی طرف سے ایف آئی آر کی تصدیق نہیں کی گئی ۔ وہیں مرکزی میلاد کمیٹی راجوری کے نائب صدر اشتیاق بٹ نے لازوال نمائندہ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ممبر اسمبلی نوشہرہ ہر وقت پاکستان کو ختم کرنے کی بات کرتے ہےں اور آج ان کے ہی حلقہ میں پاکستان کے حق میں زندہ باد کے نعرے لگائے جارہے ہیں اور پھر بھی غدار مسلمان کو کہا جاتا ہے اور افسوس کی بات تو یہ ہے کہ دیش بھکت بھاجپا خاموش ہے اور پولیس بے بس اور ان سب باتوں سے ایک بات واضح ہوگئی ہے کہ ریاست جموں کشمیر میں دو قانون لاگو ہے ۔ اس دوران یوتھ لیڈر اویس گنائی نے بتایا کہ نوشہرہ میں پاکستان کے حق میں نعرہ بازی کے بعد ابھی تک پولیس نے کوئی کاروائی نہیں کی لیکن بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی میں چند ماہ قبل قومی ترانے کے دوران دو کشمیری طلباءنے ترانے کا احترام نہیں کیا تو نیشنل میڈیا نے اس بات کا پہاڑ بنا کر پیش کیا تھا اور بھاجپا اور دیگر فرقہ پرست تنظیموں نے احتجاج بھی کئے اور پولیس نے فوری ایف ائی آر بھی نافذ کردی تھی لیکن پاکستان کے حق میں نوشہرہ میں نعرہ بازی کی جارہی ہے اورسب خاموش ہےں یہاں تک کہ نیشنل میڈیا اور بھاجپا نے تو خاموشی اختیار کرلی ہے اور ایم ایل ائے نوشہرہ بھی خاموش نظرآرہے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق نوشہرہ میں سرکاری مشینری مفلوج ہوگئی ہے اور کھلے عام پولیس کے آفیسران اور اہلکاروں کی موجودگی میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے جارہے ہیں اور نوشہرہ کی ویڈیو تمام سوشل میڈیا کی رونق بنی ہوئی ہے اور پھر بھی سرکاری سطح پر خاموشی ہے ۔