عمرارشدملک
راجوری یوتھ کانگریس نے راجوری میں منی سیکرٹریٹ کی تعمیر اور نوشہرہ میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگانے والوں کے خلاف احتجاج کیا جس کی صدارت یوتھ کانگریس کے حلقہ اسمبلی راجوری کے صدر حسن مرزا نے کی جبکہ بڑی تعداد میں نوجوانوں نے بھی احتجاج میں شرکت کی ۔ تفصیلات کے مطابق راجوری کے کھیورہ کے مقام پر منی سیکرٹریٹ کی تعمیر کا کام شروع کیا گیا تھا لیکن موجودہ پی ڈی پی بھاجپا حکومت نے آتے ساتھ ہی اس کاکام بند کروا دیا جو آج تک بند ہی پڑا ہے اور دیگر اضلاع میں منی سیکرٹریٹ میں دفاتر بھی لگ رہے ہیں ۔ یوتھ کانگریس نے راجوری میں منی سیکرٹریٹ کی تعمیر کے حق میں احتجاج کیا اور پی ڈی پی بھاجپا حکومت کا پتلا بھی نظر آتش کیا اور کہا کہ پی ڈی پی بھاجپا حکومت کو ہر محاذ پر ناکام ہے اورکہا کہ جو حکومت منی سیکرٹریٹ کی تعمیر نہیں کرسکتی وہ عوام کے مسائل کیا دور کرےگی ۔ اس موقع پر حسن مرزا نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت ناگپور کے اشاروں پر کام کررہی ہے اس لئے ہی منی سیکرٹریٹ کاکام بند کیا گیا ہے تاکہ منی سیکرٹریٹ کو مرادپور میں تعمیر کیا جاسکے لیکن ایسے ہونے نہیں دیں گے اور جلد ہی منی سیکرٹریٹ کی تعمیر کاکام شروع نہ کیا گیا تو پھر ضلع سطح پر احتجاجی سلسلہ شروع کیا جائے گا ۔ وہیں اس موقع پر یوتھ کانگریس کے حلقہ اسمبلی راجوری کے صدر حسن مرزا نے کہا کہ نوشہرہ میں ضلع کی مطالبہ کو لیکر احتجاج میں دو دن لگاتار پاکستان کے حق میں نعرے بلند کئے گئے لیکن ابھی تک کسی کو بھی گرفتار نہیں کیا ۔ انہوں نے ایم ایل اے نوشہرہ کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نیوز چینلوں پر پاکستان کے خلاف بولنے کا کیا فائد ہ کیونکہ نوشہرہ کی عوام نے دل کی بات ہی کہہ ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ رینہ صرف زبان سے پاکستان کے خلاف ہےںاور نوشہرہ میں سرِ عام پاکستان کے حق میں نعرے بلند کئے گے ہیں اور افسوس کا عالم یہ ہے کہ پولیس نے کسی کی بھی گرفتاری نہیں کی اور اگر فوری گرفتاری عمل میں نہ لائی تو ہم جیل بھرو اندولن شروع کردےں گے ۔ اس موقع پر یوتھ کانگریس کے سینکڑوں کارکنا ن نے شرکت کی اور موجودہ پی ڈی پی اور بھاجپا حکومت کے خلاف جم کر نعرے بازی کی ۔