صدر جمہوریہ نے غیرمقیم ہندوستانیوں کو اعزاز سے نوازا
یواین آئی
اندور؍؍صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے عالمی کساد بازاری اور کئی چیلنجوں کے باوجود آج ہندوستان کی مختلف کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان غیرمقیم ہندوستانی اختراع میں اہم رول ادا کرسکتے ہیں ۔محترمہ مرمو نے اندور میں تین روزہ پرواسی بھارتیہ دیوس کنونشن کے اختتامی اجلاس سے خطاب کیا۔ اس موقع پر گیانا کے صدر محمد عرفان علی، سورینام کے صدر چندریکا پرساد سنتوکھی، مدھیہ پردیش کے گورنر منگو بھائی پٹیل، وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان، وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر، شہری ہوابازی کے مرکزی وزیر جیوتی رادتیہ سندھیا اور کئی معززین اور کئی شخصیات موجود تھیں۔اس دوران بڑی تعداد میں غیرمقیم ہندوستانی بھی موجود تھے۔ صدر جمہوریہ نے غیرمقیم ہندوستانیوں کو بھی اعزاز سے نوازا جنہوں نے اپنے اپنے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔صدر محترمہ مرمو نے کہا کہ اس وقت عالمی سطح پر اقتصادی اور دیگر چیلنجز ہیں۔ ان حالات سے نمٹنے میں غیرمقیم ہندوستانیوں نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ وہ چاہتی ہیں کہ غیرمقیم ہندوستانی اور بھی بہتر کوششیں کریں اور ہندوستان کو بھی اس کا فائدہ مل سکے۔ انہوں نے نوجوان غیرمقیم ہندوستانیوں پر زور دیا کہ وہ اختراع کے ذریعے اور بہتر کرسکتے ہیں۔صدر جمہوریہ نے غیرمقیم ہندوستانیوں کے مفاد میں ہندوستان کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مصیبت کے وقت مرکزی حکومت نیہر ممکن قدم اٹھائے ہیں۔ جنگ کے دوران یوکرین میں پھنسے ہوئے ہندوستانیوں کو بحفاظت نکالنے کی بھی کامیاب کوششیں کی گئیں۔تین روزہ پرواسی بھارتیہ سمیلن کے دوران موصول ہونے والی تجاویز اور خیالات کا ذکرکرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ خواتین بھی معاشی سرگرمیوں میں بہتری کے لیے کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے ان کے تعاون کو مزید بڑھانے کی بھی بات کہی۔تقریباً 10 منٹ کے اپنے مختصر خطاب میں صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان کو اس سال جی 20 کی صدارت کا موقع بھی ملا ہے۔آزادی کے امرت کال کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئندہ 25 سال میں ملک مختلف شعبوں میں تیز رفتاری سے ترقی کی طرف گامزن ہوگا۔