نعتِ شریف ﷺ

0
0

 

احمد کی اطاعت کا ہم نے وہ اثر دیکھا
تاروں سے بھرے دامن میں شمس و قمر دیکھا
مت پوچھ ہوئے کیسے شیدائی محمد کے
دل ہار گیا جس کو بس ایک نظر دیکھا
بے نور نگاہوں کو زحمت نہ دی عاشق نے
دل کھول کے آقا کو جب ایک نظر دیکھا
پھر مشقِ ستم پر بھی نادان اُتر آئے
کفار نے جب اُن کی دعوت کا اثر دیکھا
آغازِ محبت سے انجامِ محبت تک
پُر پیچ سفر تھا وہ دنیا نے مگر دیکھا
الفت کے مناظر ہیں بس آپ کے گلشن میں
مکہ میں جہاں دیکھا یثرب میں جدھر دیکھا
سرکارِ مدینہ کے ہم جیسے سپاہی نے
جس راہ کو بھی دیکھا بے خوف و خطر دیکھا
فیضانِ نبوت کی تاثیر نرالی ہے
دنیا نے نگاہوں سے پھر عدل عُمَر دیکھا
خوش بخت وہی تھے جو اصحاب ہوئے ان کے
ہم نے تو وہ روضہ بھی بس ایک نظر دیکھا
شاذ ان کی اطاعت میں کچھ بادہ پرستوں کا
دنیا نے عقیدت میں کٹتے ہوئے سر دیکھا

*****©*****
قاسم شاذ فراہی
پھریہا، اعظم گڑھ
(حال مقیم ابوظبی، متحدہ عرب امارات)

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا