دونوں فریقوں نے انسداد دہشت گردی اور سلامتی کے شعبوں میں جاری تعاون کا جائزہ لیا
لازوال ڈیسک
نئی دہلی؍؍بھارت-امریکہ سینئر عہدیداروں کا ہوم لینڈ سیکورٹی ڈائیلاگ (ایچ ایس ڈی) آج نئی دہلی میں منعقد ہوا۔ حکومت ہند کی وزارت داخلہ کے ہوم سکریٹری جناب اجے بھلا اور امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکورٹی کی قائم مقام ڈپٹی سکریٹری محترمہ کرسٹی کینیگیلونے متعلقہ وفود کی قیادت کی۔
بات چیت کے دوران، دونوں فریقوں نے انسداد دہشت گردی اور سلامتی کے شعبوں میں جاری تعاون کا جائزہ لیا، جو ہندوستان-امریکہ اسٹریٹجک شراکت داری کا ایک اہم ستون رہا ہے۔ اس تناظر میں، انہوں نے دہشت گردی اور پرتشدد انتہا پسندی، منشیات کی اسمگلنگ، منظم جرائم اور نقل و حمل کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے دو طرفہ کوششوں کو تقویت دینے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے محفوظ اور قانونی ہجرت، انسدادغیر قانونی ہجرت، انسانی اسمگلنگ، منی لانڈرنگ، سائبر کرائمز، اور دہشت گردی کی مالی معاونت سمیت غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے سائبر ڈومین کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے اقدامات کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان عوام سے عوام کے فعال تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔شریک چیئرمینوں نے ہوم لینڈ سکیورٹی ڈائیلاگ کے فریم ورک کے تحت معلومات کے تبادلے، صلاحیت سازی ، تکنیکی معاونت اور ذیلی گروپوں کی باقاعدہ میٹنگوں کے ذریعے متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان باہمی طور پر فائدہ مند تعاون کو مستحکم کرنے میں اپنی گہری دلچسپی کا اعادہ کیا۔
یہ بات چیت درج ذیل دستاویز پر دستخط کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی جس سے دوطرفہ سیکورٹی تعاون مزید گہرا ہو گا:-امریکی وفاقی قانون نافذ کرنے والے تربیتی مرکز اور ہندوستان کی سردار ولبھ بھائی پٹیل نیشنل پولیس اکیڈمی کے درمیان قانون کے نفاذ کی تربیت پر تعاون کی ایک یادداشت۔دونوں فریقوں نے واشنگٹن ڈی سی میں سینئر عہدے داران کے ہوم لینڈ سکیورٹی ڈائیلاگ کے اگلے دور کو باہمی طور پر مناسب تاریخ پر منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔