نئی دہلی، 02 اگست (یو این آئی) کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے ذریعہ ان کے خلاف چھاپے مارنے کی تیاری کی جارہی ہے۔
کانگریس لیڈر نے آج یہ جانکاری دیتے ہوئےکہا کہ ای ڈی کے ایک اہلکار نے انہیں بتایا ہے کہ ان کے خلاف چھاپے ماری کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ پارلیمنٹ میں بجٹ پر بحث کے دوران انہوں نے کہا تھا کہ حکومت اپوزیشن اور ملک کے خلاف ‘چکرویوہ’ بنا رہی ہے اور شاید مودی حکومت کو ان کا بیان پسند نہیں آیا، اسی لیے ان کے خلاف ایسا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔
مسٹر گاندھی نے ایکس پر کہا، "ظاہر ہے، 2اِن 1 (ٹواِن ون )کو میری چکرویوہ والی تقریر پسند نہیں آئی۔ ای ڈی کے اندرونی ذرائع نے مجھے بتایا کہ چھاپوں کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔میں ای ڈی افسران کا دل کھول کر انتظار کررہا ہوں۔ چائے اور بسکٹ میری طرف سے ۔‘‘
اس دوران، کانگریس لیڈر اور لوک سبھا میں پارٹی کے وہپ مانیکم ٹیگور نے ایک تحریک التواء پیش کی ہے جس میں حکومت سے ای ڈی -سی بی آئی کے غلط استعمال پر بحث کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔