بارات سے ہوافرار! دھوکہ دہی کے الزام میں باپ بیٹا گرفتار
یواین آئی
سری نگر؍؍جموں وکشمیر پولیس نے اونتی پورہ میں دولہے کو بارات سے فرار اختیار کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ پولیس نے دولہے کے والد کو بھی سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پولیس اسٹیشن اونتی پورہ میں شازیہ اختر نے فیاض احمد ڈار اور اس کے والد محمد شعبان ڈار ولد غلام قادر ساکن کانڈی زل اونتی پورہ کے خلاف تحریری طورپر شکایت درج کی کہ 16ستمبر 2023کو فیاض احمد ڈار دولہا بن کر ان کے گھر آنے والا تھا۔تحریری شکایت میں دوشیزہ نے بتایا کہ اس حوالے سے سبھی تیاریاں مکمل کی گئیں تھیں تاہم آخری لمحات میں یہ بہانہ بنا کر شادی کی تقریب کو منسوخ کردیا گیا کہ دولہا بھاگ گیا ہے اور اس نے استقبالیہ میں شرکت کرنے سے انکار کردیا۔تحریری شکایت موصول ہوتے ہی پولیس نے معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے دولہے اور اس کے والد کو دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔پولیس نے دونوں کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر 182/2023زیر دفعات 420,498(A)آئی پی سی کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔دریں اثنا عوامی حلقوں نے غریب دوشیزہ کو دھوکہ دینے والے دولہے اورا س کے گھر والوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔