کولہاپور، 25 جولائی (یو این آئی) مہاراشٹر کے کولہاپور ضلع میں پینے کے پانی کا اہم ذریعہ رادھا نگری آبپاشی ڈیم جمعرات کو اپنی گنجائش سے زیادہ بھر گیا، جس کی وجہ سے حکام کو اضافی پانی چھوڑنے کے لیے گیٹ کھولنا پڑا۔
ضلعی محکمہ آبپاشی کے مطابق جمعرات کی صبح 10.05 بجے ڈیم اپنی زیادہ سے زیادہ 8.35 ہزار ملین کیوبک فٹ (ٹی ایم سی) گنجائش سے بھر گیا۔
ایک اہلکار نے بتایا کہ چھٹے خودکار گیٹ سے کل 2,928 کیوسک پانی بھوگاوتی ندی میں چھوڑا گیا۔
دریں اثنا، رادھا نگری آبپاشی ڈیم سے پانی چھوڑنے اور ضلع کے مغربی حصوں میں شدید بارش کی وجہ سے پنچنگا ندی کی آبی سطح 43 فٹ کے خطرے کے نشان کی طرف تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
عہدیدار کے مطابق راجا رام بندھارا میں صبح 10 بجے پانی کی سطح 43.1 فٹ تھی۔ ضلع کے مختلف ندی نالوں میں سیلابی پانی کی وجہ سے مجموعی طور پر 81 علاقے زیر آب آگئے۔