عوام کو آمد و رفت میں کئی طرح کی دشواریوں کا سامنا
نمائندہ لازوال
کشتواڑ //ضلع کشتواڑ کے بلاک مڑوا اور بلاک واڑون میں شدید برفباری سے محکمہ دیہی ترقی کی جانب سے تعمیر کئے ہوئے کام زمین بوس ہوئے جس کی وجہ سے عوام کو آمدورفت میں کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اس ضمن میں مقامی لوگوں نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ امسال شدید برفباری کی وجہ سے محکمہ دیہی ترقی کی طرف سے تعمیر کیے گئے فٹ پاتھ، کلوٹ ،پل اور پروٹیکشن بند اکثر جگہوں پر زمین کھسکنے اور برف کے تودے گرنے سے منہدم ہو چکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ضلع کے دشوار گزار بالائی علاقوں میں محکمہ دیہی ترقی بلاک مڑوا اور بلاک واڑون کی طرف سے پنچایت حلقہ چنجر، حلقہ دھارما اے بی، حلقہ نو پیچی اے اور بی،حلقہ پتھ گام، حلقہ قادرانہ، اے اور بی،حلقہ رانی اے اور بی ،حلقہ ٹیلر، حلقہ یارڈو جبکہ بلاک وڈون کے حلقہ افتی، حلقہ بسمینا، حلقہ چوڈرمان، حلقہ انشان، حلقہ ملورون، حلقہ مورغی، اور حلقہ سکھانی قابل ذکر ہیں ان حلقہ جات میں دونوں بلاکوں میں اگر چہ لاکھوں روپے کی لاگت سے عوام کی سہولیات کیلئے ٹایل پاتھ، فٹ پاتھ، کلوٹ ،پل اور پروٹیکشن بندا ور کئی دیگر تعمیراتی کاموں کو زمینی سطح پر تعمیر کیا گیا تھا جس سے عوام کو کا فی سہولیات میسر ہوئی تھی تاہم حالیہ برفباری کی وجہ سے تمام بلاکوں اور حلقوں میں زمین کھسکنے اور برف کے تودے گرنے سے تمام تر کام منہدم ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے ان حلقوں میں عوام کو سازوسامان اور سفر طے کرنے میں کافی دشواریاں پیدا ہو گئی ہیں۔