جنوری میں ہوئے امتحانی نتائج ، تا حال طلباء کو مارکس شیٹ نہیں کی گئیں ارسال
لازوال ڈیسک
پونچھ// مرکزی زیرِ انتظام جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ و دیگر اضلاع کے طلباء جو مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے فاصلاتی طرزِ تعلیم کے ذریعے تعلیم حاصل کررہے ہیں یا کرچکے ہیں وہ یونیورسٹی کے منفی رویے سے سخت پریشان ہیں۔مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی سے فاصلاتی نظام کے تحت ڈگری کرنے والے ایم اے عربی کے طلباء و طالبات جنہوں نے دو سالہ ڈگری یونیورسٹی کے سست نظام کو متحرک کر چار سال میں حاصل کی تھی جن کے نتائج جنوری کے دوسرے ہفتے میں برآمد ہوئے تھے لیکن تا حال انکی مارکس شیٹس انہیں ارسال نہیں کی گئیں۔
کئی طلباء نے یونیورسٹی کے تعینات شدہ اسسٹنٹ ریجنل ڈائریکٹر سے بھی رابطہ کیا لیکن انکی جانب سے بھی کوئی مثبت جواب نہیں ملا اور یونیورسٹی کے کنٹرولر آف اگزامینیشن کو میل کرنے کے باوجود طلباء کو کوئی مثبت جواب نہیں ملا جس سے طلباء سخت ذہنی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
کئی طلباء کو مستقبل میں داخلہ یا دیگر امور کے لیے مارکس شیٹ کی اشد ضرورت ہوتی ہے لیکن یونیورسٹی کے منفی رویے سے طلباء سخت پریشان ہیں۔وہیںطلباء نے یونیورسٹی کے وائس چانسلر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس ضمن میں ذاتی مداخلت کر ایم اے عربی کے طلباء و طالبات کے ساتھ انصاف کا معاملہ کریں اور یونیورسٹی کے خوابِ خرگوش کے آغوش میں مدمست ملازمین کو بیدار کر طلباء کی مارکس شیٹس انہیں ارسال کروائیں۔