یواین آئی
- نئی دہلی؍؍وزیر اعظم نریندر مودی تین ستمبر سے سات ستمبر تک چین اور میانمار کا دورہ کریں گے ۔ ڈوکلام تنازعہ کے حل کے ایک دن بعد آج یہاں وزارت خارجہ نے وزیر اعظم کے برکس سربراہ کانفرنس کیلئے چین کے شیامین جانے کے پروگرام کا اعلان کیا۔ اس کے مطابق مسٹر مودی تین سے پانچ ستمبر تک چین کے فوجیان صوبہ کے شیامن میں رہیں گے اور نویں برکس سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے ۔ اس دوران وہ صدر شی جن پنگ اور روسی صدر بلادیمیر پوتن سمیت کئی ممالک کے لیڈروں سے دوطرفہ ملاقات کریں گے ۔ مسٹر مودی پانچ سے سات ستمبر تک میانمار کے دوطرفہ دورہ پر رہیں گے ۔ وہ میانمار کے صدر یو تن کیاں کی دعوت پر جا رہے ہیں۔ مسٹر مودی کا میانمار کا یہ پہلا دوطرفہ دورہ ہوگا۔ اس دورہ کے دوران مسٹر مودی صدر کیاں سے ملاقات کے علاوہ اسٹیٹ کاؤنسلر دی آنگ سان سو چی کے ساتھ دوطرفہ مفادات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کریں گے ۔ وزیر اعظم میانمار کی راجدھانی ‘نے پئی دا’ کے علاوہ ینگون اور باگان بھی جائیں گے ۔ مسٹر مودی اس سے قبل نومبر 2015 میں میانمار میں ہند۔آسیان سربراہ کانفرنس اور مشرقی ایشیا سربراہ کانفرنس میں شرکت کرنے ‘پئی دا’ گئے تھے ۔