بی پی ایل کنبوں کے راشن میں کٹوتی، معذوروں، بزرگوں و بیواوں کی پنشن بھی بند
سرفرازقادری
پونچھ؍؍جہاں پورے ملک و خاص کر جموں وکشمیر میں بی جے پی کے لیڈران و کارکنان کی جانب سے مودی سرکار کے 9 سال کو بے مثال بتا کر جشن منائے جارہے ہیں اور کامیابی کے ڈھول پیٹے جارہے تو وہیں مرکزی زیرِ انتظام جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ میں عید الاضحٰی کے مبارک موقع پر نہ ہی بی پی ایل زمرہ کو راشن اسٹوروں سے اس گزشتہ ماہ چاول دیئے گئے اور نہ ہی معذوروں، بزرگوں و بیواوں کی پنشن واگزار کی گئی جس سے وہ خوشی کے ساتھ عید منا پائیں۔اس ضمن میں مقامی لوگوں سے جب ہم نے بات کی تو انہوں نے بتایا کہ انہیں ہر محاذ پر پریشان کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے پنشن ویریفیکیشن کے نام پر معذوروں، بزرگوں و بیواوں کو لائن میں لگا کر انہیں پریشان کیا گیا اور افسوس کی بات یہ ہیکہ پنشن ویریفیکیشن مکمل کروانے کے باوجود 6 ماہ سے انکے بینک کھاتوں میں پنشن نہیں آئی اور انکی دونوں عیدیں ایسے ہی گزریں۔ ایک شخص معذور نے تو روتے ہوئے اپنی روداد بیان کی کہ کس حالت میں اس نے عیدیں منائی ہیں۔وہیں کچھ لوگوں نے بتایا کہ خطِ افلاس سے نیچے زندگی بسر کرنے والے افراد کو جون کے ماہ میں چاول دیئے ہی نہیں گئے اور بتایا گیا کہ پیچھے سے راشن کی کٹوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے مفت راشن کے ڈھول پیٹے گئے اور اب راشن ہی نہیں اور اگر دیا بھی جاتا ہے تو اس میں سے بھی کچھ حصہ سرکاری خرچ کے نام پر کاٹ لیا جاتا ہے۔پنشن ہولڈرز و راشن ہولڈرز نے مرکزی سرکار و ایل جی منوج سنہا سے مطالبہ کیا ہیکہ راشن کی مکمل فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور پنشن کو جلد سے جلد واگزار کیا جائے تاکہ وہ راحت کی سانس لے پائیں۔