یواین آئی
سمستی پورکانگریس کے قومی ترجمان اور سابق مرکزی وزیر ڈاکٹر شیکیل احمد نے آج نریندر مودی حکومت پر دہشت گردی اور بدعنوان کو فروغ دینے کا الزام عائد کیا۔ ڈاکٹر احمد نے یہاں صحافیوں کے ساتھ بات چیت میں کہا کہ مرکز کی موجودہ نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے ) حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ، کشمیر میں دہشت گردی کو فروغ ملا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف مودی کی حکومت کی گئی کارروائی میں ایک بڑی تعداد میں مقامی افراد ہلاک ہو ئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت والی نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے ) حکومت میں پاکستان نے 1138 بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے ۔ کانگریس کے رہنما نے الزام لگایا کہ غریبوں کے حامی ہونے کا دعوی کرنے والی مودی حکومت نے سرمایہ داروں کے دو لاکھ 44 ہزار کروڑ روپے کے قرض کو معاف کرکے غریبوں کے ساتھ نا انصافی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نوٹ کی منسوخی کے دوران بی جے پی کے صدر امت شاہ جس بینک کے ڈائریکٹر ہیں، اس میں تقریباً 745 کروڑ روپیہ جمع کیے گئے ، جس کی مرکزی تفتیشی بیورہ (سی بی آئی) سے جانچ پڑتال ہوانی چاہیئے ۔ ڈاکٹر احمد نے الزام لگایا ہے کہ نوٹ کی منسوخی کی وجہ سے ملک میں گزشتہ دو برسوں کے دوران 21 لاکھ بے روزگار ہوئے ہیں ۔ مودی حکومت نے وعدہ خلافی کرتے ہوئے نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا نہیں کرپائی اوپر سے جو لوگ نوکری کر رہے تھے ان کی نوکری بھی ختم ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ چار سالوں کے دوران، وزیر اعظم نریندر مودی نے نہ صرف ملک کے لوگوں کو دھوکہ دیا ہے بلکہ لوگوں کے اعتماد کو ٹھیس پہنچایا ہے ۔ کانگریسی لیڈر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ان کی پارٹی سال 2019 میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات کو دیکھتے ہوئے تمام سیکولر پارٹیوں کو متحد کرنے میں مصروف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں کانگریس، راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) اور ہندوستانی عوام مورچہ (ہم) کا اتحاد ہے اور اس اتحاد میں دیگر جماعتوں کے بھی شامل ہونے کا امکان ہے ۔ اس کے لئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ سابق مرکزی وزیر نے بہار کو خصوصی ریاست کا درجہ دیئے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی نتیش کمار کی طرف سے ریاست کو خصوصی درجہ دینے کا مطالبہ انتخابی اسٹنٹ کے سوا کچھ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر کمار نے بی جے پی کے ساتھ مل کر اپنی صاف تصویر کو خراب کرلی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) اور بی جے پی جیسی فرقہ پرست طاقتوں کی کٹھ پتلی بن کر بہار میں حکومت چلا رہے ہیں۔ اس موقع پر کانگریس کے ریاستی سکریٹری وشوناتھ ساہ، یوتھ کانگریس کے سابق ریاستی صدر ڈا کٹر ترون کمار، کانگریس کے سینئر لیڈر قاضی نسیم ایکتا اور قاضی شکیل ایکتا سمیت دیگر رہنما موجود تھے ۔