نئی دہلی، 14 اگست (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر جے پی۔ نڈا سمیت مختلف لیڈران نے بدھ کو ملک کی تقسیم کے بعد پھوٹنے والے تشدد میں ہلاک ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
مسٹر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا ’’تقسیم کی ہولناکیوں کی یاد کے دن پرہم ان بے شمار لوگوں کو یاد کرتے ہیں، جو تقسیم کی ہولناکیوں سے متاثر ہوئے اور انہیں تکلیف برداشت کرنی پڑی۔ یہ ان کی ہمت کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بھی دن ہے۔ تقسیم سے متاثر ہونے والے بہت سے لوگوں نے اپنی زندگیاں دوبارہ بنائیں اور بے پناہ کامیابیاں حاصل کیں۔ آج، ہم اپنے ملک میں اتحاد اور بھائی چارے کے بندھنوں کی ہمیشہ حفاظت کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
ساتھ ہی، مسٹر سنگھ نے ایکس پر لکھا، ’’’وبھاجن وبھیشیکا اسمرتی دیوس‘ پر میں ان تمام لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو ملک کی تقسیم کے بعد پیدا ہونے والے حالات میں تشدد اور نفرت کا شکار ہوگئے۔ آج برسوں بعد بھی اس کا درد ملک میں محسوس ہوتا ہے۔ تقسیم کی ہولناکیوں کو یاد کرتے ہوئے، ہم سب وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ایک نئے، متحد اور مضبوط ہندوستان کی تعمیر کے لیے کام کر رہے ہیں، تاکہ یہ ملک دوبارہ کبھی ایسے مشکل وقت سے نہ گزرے۔
مسٹر شاہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا، ’’ آج ’وبھاجن وبھیشیکا اسمرتی دیوس‘ پر ان لاکھوں لوگوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوںم جنہوں نے تاریخ کے سب سے وحشیانہ واقعہ کے دوران غیر انسانی مصائب کا سامنا کیا، زندگیاں کھودیں اور بے گھر ہوگئے۔ اپنی تاریخ کو یاد میں بساکر اس سے سبق سیکھ کر ہی کوئی قوم اپنے مضبوط مستقبل کی تعمیر کرسکتی ہے اور ایک طاقت بن کر ابھر سکتی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی جی کی کوششوں سے اس دن کو منانے کی روایت قوم کی تعمیر کی طرف اٹھایا گیا ایک مضبوط قدم ہے۔
مسٹرنڈا نے کہا، "آج ‘وبھاجن وبھیشیکا اسمرتی دیوس’ ہمیں 1947 کے اس ظالمانہ واقعے کی یاد دلاتا ہے، جب دنیا کو ‘وسودھائیو کٹمبکم’ اور ‘سروے بھونتو سکھین’ کا پیغام دیینے والی ہماری عظیم قوم کوسیاسی خود غرضی کے لیے تقسیم کیا گیا تھا۔ اس دوران لوگوں نے انتہائی غیر انسانی اذیتیں برداشت کیں، ہجرت کا درد برداشت کیا، اپنی محنت سے ذرہ ذرہ جمع کرکے بنائے گھر اور املاک سے محروم ہوئے اور لاتعداد لوگ اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ آج میں ان سب کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ قابل احترام وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ‘وبھاجن وبھیشیکا اسمرتی دیوس’ منانے کا فیصلہ ہمیں ان تمام تاریک باب اور واقعات کی یاد دلاتا ہے۔ یہ ہماری عظیم قوم کو اکھنڈ، طاقتور اور عظیم بننے کی طرف لے جائے گا۔
ایک طرف ملک کو غلامی کی زنجیروں سے آزادی مل رہی تھی اور دوسری طرف اس کی قیمت ملک کی تقسیم کی صورت میں مل رہی تھی۔ تقسیم کے نتیجے میں لاکھوں لوگ بے گھر ہو گئے۔ وہ راتوں رات بھاگنے پر مجبور ہوئے۔ بہت سے لوگ ایسے بھی تھے جنہیں آزادی کی قیمت اپنی جان سے ادا کرنی پڑی۔
قابل ذکر ہے کہ مرکزی وزارت داخلہ کی طرف سے 14 اگست 2021 کو تقسیم کی ہولناکیوں کی یاد کے دن کے حوالے سے حکومت ہند کا گزٹ جاری کیا گیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ حکومت ہند ملک کی موجودہ اور آنے والی نسلوں کو تقسیم کے دوران لوگوں کے ذریعہ برداشت کی گئی اذیت اور درد کو یاد رکھنے کے لیے 14 اگست کو وبھاجن وبھیشیکا اسمرتی دیوس کے طور پر اعلان کرتی ہے۔