انتہائی کم پراپرٹی ٹیکس لاگو کرنے پر بھی کافی چیخ وپکار دیکھی گئی: منوج سنہا
لازوال ڈیسک
جموں؍؍جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ انتہائی کم پراپرٹی ٹیکس لاگو کرنے پر بھی کافی چیخ وپکار دیکھی گئی۔انہوں نے کہا کہ لوگ موبائل انٹرنیٹ ڈاٹا پر کافی پیسہ صرف کر رہے ہیں لیکن ٹیکس نہیں دینا چاہتے ہیں۔جموں میں ایک تقریب کے دوران لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہاکہ یوٹی میں انتہائی کم پراپرٹی ٹیکس لاگو کیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ باقی ریاستوں کے مقابلے میں کافی کم ٹیکس لاگو کرنے پر بھی شور مچایا گیا۔ایل جی نے مزید بتایا کہ اس حوالے سے لوگوں کے جذبات و احساسات کو ملحوظ نظر رکھا جائے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ جن کے پاس اچھی خاصی کمائی ہے وہ موبائیل ڈیٹا پر پیسے صرف کرکے دن بھر ویڈیو گیم کھیلتے ہیں تو بہتر سہولیات کی خاطر پراپرٹی ٹیکس کی ادائیگی میں اْنہیں کوئی حرج نہیں ہونا چاہئے۔بتادیں کہ پراپرٹی ٹیکس کو لاگو کرنے کے بعد جموں وکشمیر یوٹی میں بھاجپا سمیت سبھی سیاسی پارٹیوں نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فیصلے کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔بی جے پی کے جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینا نے یہاں تک کہہ دیا کہ مودی حکومت نے اس ٹیکس کو لاگو نہیں کیا بلکہ ایل جی انتظامیہ نے یہ فیصلہ لیا ہے۔