منی پورمیں تشدد کی تحقیقات کیلئے عدالتی کمیشن قائم کیا جائے گا: امت شاہ

0
0

تشدد میں جان گنوانے والوں کے لواحقین کو 5-5لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا
لازوال ڈیسک

امپھال؍؍؍ منی پور کے اپنے چار روزہ دورے کے آخری دن، مرکزی وزیر داخلہ اور تعاون کے وزیر جناب امت شاہ نے آج امپھال میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ جناب امت شاہ نے تشدد زدہ منی پور کے تمام طبقات سے امن برقرار رکھنے، بات چیت کرنے اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے منی پور کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور امن برقرار رکھیں۔ مودی حکومت کی جانب سے وزیر داخلہ نے منی پور تشدد میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کے تئیں گہری تعزیت کا اظہار کیا۔مرکزی وزیر داخلہ اور تعاون کے وزیر نے کہا کہ منی پور تشدد کی تحقیقات کے لیے ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ چیف جسٹس کی صدارت میں ایک عدالتی کمیشن قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ منی پور کے گورنر کی صدارت میں ایک امن کمیٹی بھی تشکیل دی جائے گی جس میں تمام طبقات کے نمائندوں کو شامل کیا جائے گا۔جناب امت شاہ نے کہا کہ حکومت ہند اور منی پور حکومت کے راحت اور بحالی پیکیج کے تحت تشدد میں جانیں گنوانے والوں کے لواحقین کو پانچ پانچ لاکھ روپے کی رقم دی جائے گی۔ ان کے بینک کھاتوں میں ڈی بی ٹی کے ذریعے دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ منی پور میں سیکورٹی کو برقرار رکھنے کے لئے کام کرنے والی تمام ایجنسیوں کے درمیان بہتر اور غیر جانبدارانہ تال میل کے لئے سیکورٹی ایڈوائزر جناب کلدیپ سنگھ کی صدارت میں ایک انٹر ایجنسی یونیفائیڈ کمانڈ قائم کی جائے گی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ تمام رجسٹرڈ کیسوں میں سے 5 شناخت شدہ کیسوں سمیت 6 کیسز اور عام سازش کے ایک کیس کی جانچ سی بی آئی کی خصوصی ٹیم کرے گی۔ تشدد کی وجہ کی بغیر کسی تعصب اور امتیاز کے تفتیش کی جائے گی اور ایسے واقعات کو روکنے کے لیے قصورواروں کو سزا دینے کے لیے سخت کارروائی کی جائے گی۔مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ منی پور میں ضروری اشیاء کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے حکومت ہند نے مقررہ کوٹے سے زیادہ اور 30,000 میٹرک ٹن چاول بھیجے ہیں۔ اس کے علاوہ گیس سلنڈر، پیٹرول اور سبزیوں کی فراہمی کے بھی انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھونگ سانگ ریلوے اسٹیشن پر ایک عارضی پلیٹ فارم قائم کرکے باقی ملک سے منی پور کو ضروری اشیاء کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ جناب شاہ نے مزید کہا کہ چورا چند پور، مورہ اور کانگ پوکپی سے عارضی ہیلی کاپٹر کی سہولت شروع کی جا رہی ہے، جو ہوائی اڈے اور دور دراز کے مقامات پر صرف 2000 روپے فی شخص کے حساب سے ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سروس کا بقیہ خرچہ حکومت ہند اور حکومت منی پور فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہند کی طرف سے تشکیل دی گئی 8 میڈیکل ٹیموں میں سے 3 ٹیمیں منی پور پہنچ چکی ہیں اور 5 ٹیمیں جلد پہنچ جائیں گی۔ یہ ٹیمیں مورہ، چورا چند پور اور کانگ پوکپی علاقوں میں صحت کی سہولیات فراہم کریں گی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا