عوام نے محکمہ صحتِ عامہ کو لفٹ اسکیم کی شروعات پر دیا زور
ظہیر عباس
منڈی//تحصیل منڈی کی پنچائت دھڑہ قریب تین چار ہزار کی آبادی پر مشتمل ہے جس میں محکمہ صحتِ عامہ کی جانب سے لگائی گئی لائینیں کہیں تو خالی پڑی ہیں اور جہاں پانی ہے وہاں پر پائیپیں ٹوٹی پڑی ہیں جس کی وجہ سے پانی ضائع ہو رہا ہے اور عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہی ہے – محلّہ تھپلہ کے مکین تو کئی ماہ سے پانی کے بغیر زندگی گزار رہے ہیں اور جب بھی کوئی شادی کا پروگرام ہوتا ہے تو انہیں پانی کا انتظام کرنا باقی لوازمات سے مشکل پڑتا ہے – اس لاچارگی اور مشکلات کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے لائین مین لائینوں پر آتے ہی نہیں اور جب انہیں کہاجاتاہے تو ان کا سیدھاجواب ہوتاہے کہ ہمیں اجرت ہی نہیں ملتی ہے – اس کے علاوہ مستقل لائین میںن کہیں دکھائی ہی نہیں دیتے ہیں – محمد حفیظ محمد اسلم محمد اقبال اور دیگر لوگوں نے نمائندہ لازوال سے بات کرتے ہوے کہا کہ یہاں پانی کی قلت کو دیکھتے ہوے ایک سکیم کے تحت کام شروع کیا گیا جس پر لاکھوں کی لاگت آئی لیکن وہ لفٹ سکیم بھی برائے نام ہے – مقامی لوگوں نے بتایا کہ اس وقت حال یہ ہے کہ کوئی لائین مین اپنی ذمہ داری سمجھ کرکام نہیں کرتا ہے – انہوں نے محکمہ صحتِ عامہ کے اعلیٰ آفیسران سے اپیل کی ہے کہ وہ دھڑہ بالخصوص محلہ تھپلہ کے لوگوں پر رحم کریں اور ان کو زندگی کی اہم ضرورت پانی کو مہیا کیا جاے ورنہ عوام کو سڑکوں پر آکر احتجاج کرنا پڑے گا – اس حوالے سے محکمہ صحتِ عامہ کے جے ای ای سے بات کی گئی تو انھوں نے بتایا کہ لفٹ اسکیم پر کچھ کام ہوچکا ہے اور اگر عوام کا تعاون رہا تو کچھ دنوں میں عوام کے لئے لیفٹ سکیم بھی شروع کردی جاے گی –