سری نگر، 27 جون (یو این آئی) جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے عید الضحیٰ کے سلسلے میں کئے گئے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے منگل کے روز درگاہ حضرت بل کا دورہ کیا۔
جموں و کشمیر وقف بورڈ چیئرپرسن ڈاکٹر درخشان اندرابی بھی ان کے ہمراہ تھیں۔
اس موقع پر موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ پورے جموں وکشمر میں بڑی عید کے لئے تیاریاں مکمل کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں انتظامیہ کے عہدیداروں کے ساتھ پہلے ہی مینگ ہوئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ صاف صفائی، بجلی و دیگر انتطامات کو حتمی شکل دی گئی ہے۔
منوج سنہا نے کہا کہ یہ ایک ایسا تہوار ہے جو امن اور شانتی کا پیغام دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح ملک کے تمام حصوں سے لوگ شری امر ناتھ جی یاترا کے لئے یہاں آتے ہیں اسی طرح لوگ یہاں حضرت بل، چرار شریف جیسی درجنوں مقدس درگاہوں کو بھی دیکھنے آسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کے باقی حصوں سے لوگوں کو راغب کرنے کے لئے شرائن ٹورزم کو بحال کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا: ‘میں اس مسئلہ پر لوگوں، وقف بورڈ اور کسی اور سے فیڈ بیک لینے کے لئے تیار ہوں’۔
لیفٹیننٹ گورنر نے درگاہ میں جموں و کشمیر کی ترقی و خوشحالی کے لئے دعا کی۔