منشیات کی لعنت نے ملک میں بڑی خاموشی کیساتھ اپنے پائوں پسارے اوردھیرے دھیرے نوجوان نسل کواپنی لپیٹ میں لیا،شائید اس کے پیچھے کی سازشوں کو سمجھنے میں وقت کے حکمرانوں نے دیرکردی اور برسوں کی سازشوں کوپروان چڑھاتے ہوئے ملک دشمنوں نے منشیات کواِتناگہراکردیا،اِتناعام کردیاکہ اب ملک کی کئی ریاستیں ومرکزکے زیرانتظام علاقے بری طرح متاثرہیں،ایک طرف بیے روزگاری اوردوسری جانب منشیات کاکاروباربے لگام ہوناتشویشناک صورتحال اختیارکرچکاہے،جہاں تک جموں وکشمیرکاتعلق ہے ،یہ خطہ اس سازش کاسب سے آسان شکاربنااوراسکی وجہ اب آئے روز سامنے آتی رہتی ہے ،کیونکہ اب سرحدپار سے منشیات کی اسمگلنگ کے معاملات اس قدر بڑھ گئے ہیں کہ بڑی بڑی سازشوں کو بے نقاب بھی کیاگیاہے پھر بھی آئے روز ایسے واقعات رونماہوتے رہتے ہیں جہاں نارکوٹیرر کے معاملات سامنے آتے ہیں،اسلحہ وگولہ بارود کے برابرہی اب منشیات کی بھی اسمگلنگ کی جارہی ہے، یعنی سرحدپار سے ملک دشمن پہلے یہاں تباہی پھیلانے کیلئے اسلحہ وگولہ بارود لاتے تھے لیکن اب اِتنی ہی توجہ منشیات پردی جارہی ہے، اسلحہ آسکے یانہ لیکن منشیات کوسرحدکے اس طرف دھکیلنے کیلئے ڈرون تک کااستعمال بھی کیاجاتاہے،کئی معاملات میں درندازوں کے قبضے سے صرف منشیات ہی برآمدہوئی ہے جس سے ثابت ہوتاہے کہ ملک کی جڑیں کھوکھلی کرنے کیلئے اسلحے سے بھی زیادہ تباہ کن منشیات ہے اور نوجوان نسل کو اس کاآسانی سے شکاربنایاجاسکتاہے،ایسے ملک دشمنوں کے مددگار سماج کے ہرطبقے میں موجودہیں جو تعلیمی اِداروں تک منشیات پہنچانے کے سازشیں رچتے اورنوجوان نسل کو اپاہج بنانے میں کوئی کسرباقی نہیں چھوڑتے ، ایسے میں منشیات میں ملوث ہرکسی مجرم پردہشت گردی کے معاملات درج کئے جانے چاہئے اورانہیں عبرت ناک سزادی جانی چاہئے تاکہ ملک کی سلامتی کوخطرے میں ڈالنے والوں کوناکام بنایاجاسکے۔آج یعنی پیر کو مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ پیر کو نئی دہلی میں ’منشیات کی اسمگلنگ اور قومی سلامتی‘ پر علاقائی کانفرنس کی صدارت کریں گے۔ کانفرنس کے دوران، مرکزی وزیر داخلہ کی قیادت میں، 2416کروڑ روپے مالیات کی 1,44,000کلو گرام سے زیادہ منشیات کو تلف کیا جائے گا۔ تلف کی جانے والی منشیات میں این سی بی کے حیدرآباد یونٹ کے ذریعہ 6590کلو گرام، اندور میں 822کلو گرام اور جموں کے ذریعہ 356کلو گرام شامل ہوں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ مختلف ریاستوں کی مختلف قانون نافذ کرنے والی ایجنسیاں کل 1,44,122کلوگرام منشیات کو تلف کریں گی جن میں آسام میں 1486کلو گرام، چندی گڑھ میں 229کلو گرام، گوا میں 25کلو گرام، گجرات میں 4277 کلو گرام، ہریانہ میں 2458کلو گرام ،جموں و کشمیر میں 4069کلوگرام، مدھیہ پردیش میں 103884کلوگرام، مہاراشٹر میں 159 کلوگرام، تریپورہ میں 1803کلوگرام اور اتر پردیش میں 4949کلوگرام منشیات کو تلف کیا جائے گا۔محض منشیات کوتلف کرنے سے یہ جنگ جیتنامشکل ہے بلکہ اس کے کاروبارمیں ملوث ملک دشمنوں کوکیفرکردارتک پہنچانے کی ضرورت ہے،منشیات کادھندہ کرنے والوں کاقافیہ ٔ حیات تنگ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ملک کی سلامتی اورمستقبل دونوں تابناک ہوں۔