کہا سماج کے ہر فرد کو اس سماجی علت کے خلاف اپنا کردار ادا کرنا ہوگا
لازوال ڈیسک
پونچھ؍؍مفتی بشارت حسین ثقافی جنرل سیکریٹری سنی علماء کونسل بانی و سر براہ جامعہ معین السنہ ڈینگلہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ منشیات سے نوجوان نسل تباہی کے دہانے پر جا رہی ہے ۔مولانا ثقافی نے کہاکہ منشیات کی لعنت تیزی کے ساتھ سماج میں پھیل رہی ہے اور اس پر قابو پانا وقت کی پکار ہے۔انہوں نے کہا کہ انتظامی سطح پر اس سماجی علت کو ختم کرنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں لیکن نوجوان نسل اس میں لت پت ہوتی جا رہی ہے۔موصوف نے کہا کہ پڑوسی ملک سے بھی ہمارے نوجوانوں کو منشیات جیسی سماجی لعنت میں دھکیلنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں کیونکہ ماضی قریب میں بھی سرحد پار سے منشیات کے آنے کے معاملات سامنے آئے ۔انہوں نے بچوں کے والدین اور اسکول،کالج انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ نوجوانوں پر کڑی نگاہ رکھی جائے کہ بچہ کہیںمنشیات میںملوث تو نہیں۔انہوں نے کہا کہ منشیات پر قابو پانے کیلئے سماج کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،انتظامیہ کا تعاون کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ انتظامی سطح پر اور غیر سرکاری تنظیمیں بھی سماج سے اس لعنت کو ختم کرنے کیلئے کاوشیں کر رہی ہیں اور ہر فرد کو منشیات کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے آگے آنا چاہئے۔مولانا موصوف نے نوجوانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اپنی زندگی اور سماج کے تحفظ کیلئے منشیات کی لعنت سے بچیں ۔انہوں نے کہاکہ منشیات میں ملوث ہونے کی وجہ سے جہاں نوجوانوں کو نقصان ہو رہا ہے ،وہیں سماج پر بھی اس کے گہرے اثرات ہیں ۔