بھگت رام کی بطور اپنی پارٹی اوبی سی ونگھ ریاستی کارڈی نیٹرنامزدگی پر عزت افزائی کی
لازوال ڈیسک
جموں؍؍اپنی پارٹی صوبائی صدر جموں اور سابقہ کابینہ وزیر سردار منجیت سنگھ نے مطالبہ کیا ہے کہ جموں وکشمیر میں رہائش پذیر او بی سی طبقہ کو اْن کی سماجی، اقتصادی اور سیاسی بہتری کے لئے 27فیصد ریزرویشن دی جائے۔موصولہ پریس ریلیز کے مطابق او بی سی طبقہ کے مسائل اور مطالبات پر غوروخوض کیلئے منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سابقہ وزیر نے اِس بات پر سخت تشویش ظاہر کی کہ وسیع آبادی ہونے کے باوجود یہ کیمونٹی پسماندگی میں جی رہی ہے۔ انہوں نے کہا’’روایتی سیاسی جماعتوں نے او بی سی کیمونٹی کو صرف ووٹ بینک کے لئے استعمال کیا اور اْنہیں آئینی حقوق سے محروم رکھا‘‘۔اس موقع پر انہوں نے او بی سی لیڈران خاص طور سے بھگت رام کو اپنی پارٹی او بی سی ونگ کا کارڈی نیٹر مقرر ہونے پر مبارک باد پیش کی۔منجیت سنگھ نے اْمیدظاہر کی کہ بھگت رام سماج کے کمزور طبقہ کی بہتری کے لئے کام کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ اپنی پارٹی لوگوں اور او بی سی کیمونٹی کے حقوق کا تحفظ کرنے اور سماج میں اْنہیں یکساں مواقعے فراہم کرنے کی وعدہ بند ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان کے جمہوری نظام کا مقصد سماج کے کمزور طبقہ جات کے حقوق کا تحفظ کرنا تھا لیکن سیاسی جماعتوں نے جموں وکشمیر میں پچھلی سات دہائیوں کے دوران ایکدوسرے پر الزام تراشی کا کھیل کھیلا اور اوی بی سی طبقہ کی بہتری کے لئے کچھ نہ کیا۔ ملک بھر میں او بی سی طبقہ کو 27فیصد ریزرویشن حاصل ہے لیکن یہاں پر اِس طبقہ کو محروم رکھاگیاہے۔انہوں نے کہاکہ روایتی سیاسی جماعتوں کے برعکس اپنی پارٹی کا او بی سی کیمونٹی کے حوالے سے موقف واضح ہے ، ہمارا مطالبہ ہے کہ اِنہیں جموں وکشمیر میں27فیصد ریزرویشن دی جائے جوکہ اْن کا آئینی حق ہے، اِن کے ساتھ امتیاز نہیں برتا جانا چاہئے۔منجیت سنگھ نے مزید کہاکہ جن جن علاقہ جات میں او بی سی طبقہ جات کے لوگ رہتے ہیں، وہاں پر ترقی کا فقدان ہے۔ اس کیمونٹی کے زیادہ تر لوگ بیرون ِ جموں وکشمیر بطور مزور کام کرنے جاتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ جموں وکشمیر میں رہائش پذیر او بی سی طبقہ کے لوگوں کی ترقی کے تئیں حکومت ِ ہند سنجیدگی ظاہر کرکے لازمی اقدامات اْٹھائے۔دریں اثناء بھگت رام نے اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اْن پر اعتماد ظاہر کر کے ریاستی کارڈی نیٹر او بی سی ونگ کی ذمہ داری سونپی۔ انہوں نے یقین دلایاکہ وہ پارٹی کے ایجنڈے اور پالیسی کو طبقہ کے اندر عام کرنے اور طبقہ کے مسائل کو اْجاگر کرنے میں تندہی سے کام کریں گے۔ ویشو کرمہ سبھا صدر ششی ورما نے ابھی اِس موقع پر خطاب کیا اور طبقہ کے مسائل اْجاگر کئے۔تقریب میں صوبائی نائب صدر شفیع شیخ، ریاستی کارڈی نیٹر ایس سی ونگ بودھ راج بھگت، صوبائی صدر جموں یوتھ ونگ وپل بالی، صوبائی صدر خواتین ونگ جموں پونیت کور، ضلع صدر اودھم پور رام بن ہنس راج ڈوگرہ، ضلع نائب صدر جموں اربن وائی بہو مٹو، صوبائی سیکریٹری یوتھ ونگ ویشال زوتشی، صوبائی جنرل سیکریٹری لیگل سیل کلدیپ سدن، ضلع صدر لیگل سیل گوروب شرما، ضلع صدر ایس سی ونگ پورن چند راہی، ضلع سیکریٹری یوتھ ونگ ابھینو گپتا وغیرہ بھی موجود تھے۔