پرمنڈل میں درجنوں نوجوانوں نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی
لازوال ڈیسک
سانبہ؍؍اپنی پارٹی صوبائی صدر جموں اور سابقہ کابینہ وزیر سردار منجیت سنگھ نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر میں تعلیم یافتہ نوجوانوں اور بے روزگاری کی شرح میں بے حد اضافہ ہورہا ہے جس سے نوجوان نسل کومستقبل غیر یقینی نظر آرہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نوجوان اپنے تابناک مستقبل کو لیکر حکومت سے تمام اْمیدیں اور توقعات کھوچکے ہیں کیونکہ اْن کے جائز مطالبات کو پورا نہیں کیاجارہا۔موصوف پرمنڈل میں منعقدہ ایک میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے جس میں درجنوں نوجوانوں نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اس پروگرام کا اہتمام پارٹی ایس ٹی ونگ ریاستی صدر سلیم عالم چوہدری نے کیاتھا جس میں ضلع یوتھ صدر سانبہ ودیگرلیڈران بھی موجود تھے۔ منجیت سنگھ نے نئے ساتھیوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے اْمیدظاہر کی کہ پرمنڈل میں زمینی سطح پر اْن کی شمولیت سے پارٹی مضبوط ہوگی۔انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو اپنی پارٹی سے اْمیدیں وابستہ ہیں کیونکہ وہ دور اندیش لیڈر سید محمد الطاف بخاری کی حقیقت پسندانہ اور ترقیاتی پالیسیوں سے بے حد متاثر ہیں جنہوں نے مقامی نوجوانوں اور لوگوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا۔انہوں نے نوکریوں کے خواہشمند نوجوان جوکہ ایپ ٹیک کمپنی کیخلاف احتجاج کر رہے ہیں، کے تئیں حکومت کے غیر سنجیدہ رویے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کے پاس نوجوانوں کو سرکاری ملازمتیں دینے اور صنعتی شعبہ میں اْن کی ملازمتوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے کوئی واضح منصوبہ نہیں۔ حالیہ سالوں میں جتنی بھی بھرتیاں عمل میں لائی گئیں، وہ اہم گھوٹالوں میں تبدیل ہوئی ہیں جس سے بھرتی اداروں پر سے نوجوانوں کا اعتماد ہی اْٹھ چکا ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ نوجوانوں کے اعتماد کو بحال کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات اْٹھائے۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ صنعتی شعبہ میں مقامی نوجوانوں کے لئے روزگار کی ریزرویشن حکومت یقینی بنائے اور نوجوانوں کو خود انحصار بنانے کے لئے قابل ِ عمل اور آسان پالیسی مرتب کی جائے۔