شہریت ترمیمی ایکٹ کی حمایت میں بی جے پی کی بڑی ریلی
یواین آئی
کلکتہ؍؍شہریت ترمیمی ایکٹ پر ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کے بعد آج بی جے پی نے کلکتہ شہر میں شہریت ترمیمی بل کی حمایت میں ایک بڑے جلوس کا اہتمام کیاجس میں بی جے پی کے کارگزار صدر جے پی نڈا نے شرکت کی۔ملک اسکوائر سے یہ جلوس شروع ہوا اور شیام بازار پر جاکر ختم ہوا۔جے پی نڈا نے جارحانہ انداز میں ممتا بنرجی کی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قانون رفیوجیوں کو شہریت دینے کیلئے بنایا گیا ہے اس قانون سے کسی کی بھی شہریت نہیں جائے گی۔نڈا نے کہا کہ ممتا بنرجی اس قانون کے تئیں لوگوں کو گمراہ کررہی ہیں۔نڈا نے کہا کہ ممتا بنرجی مرکزی حکومت کے ہر ایک اقدامات کی آنکھ بند کرکے مخالفت کرہتی ہیں۔جب مرکز نے ملک کے مفاد میں جموں و کشمیر کے خصوصی اختیارات کو ختم کیا تو اس وقت بھی ممتا بنرجی نے اس کی مخالفت کی تھی۔انہوں نے کہا کہ تقسیم ہند کے وقت لاکھوں افراد اپنا گھر چھوڑ کر ہجرت کی تھی۔اس کے بعد پنڈت نہرو اور لیاقت علی خان کے درمیان معاہد ہ ہوا تھاکہ دونوں ممالک اپنے ملک کے اقلیتوں کو تحفظ فراہم کریں گے اور برابری کا درجہ دیں گے ۔ہندوستان سیکولر ملک کی حیثیت سے اپنے ملک کے اقلیتوں کو برابری کا درجہ دیا مگر پاکستان،بنگلہ دیش اورافغانستا ن میں آباد اقلیتوں کے ساتھ مظالم ہوئے جس کی وجہ سے لاکھوں افراد ہندوستان میں پناہ لی۔یہ قانون ان کو شہریت فراہم کرنے کیلئے بنایا گیا ہے ۔نڈا نے کہا کہ ممتا بنرجی ریاست کی ترقی پر توجہ دینے کے بجائے بی جے پی کے تئیں عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈینگو کی وجہ سے یہاں لوگ مررہے ہیں مگر حکومت اس پر قابو پانے کے بجائے اعداد و شمار کو چھپانے میں لگی ہے ۔نڈا نے کہا کہ شہریت ترمیمی ایکٹ کے خلاف احتجاج کے دوران بنگال میں ریلوے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا مگر ممتا بنرجی نے کچھ بھی نہیں کیا۔