اگر حالات ٹھیک ہیں تو ہمارے جوان شہید کیوں ہو رہے ہیں؟: محبوبہ مفتی
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ راجوری میں ہمارے جوانوں کی شہادت سے ظاہر ہوتا ہے کہ جموں وکشمیر میں حالات ٹھیک ہونے کے دعوے صحیح نہیں ہیں ۔ان کا الزام تھا ‘جموں و کشمیر میں ملی ٹنسی کے نام پر لوگوں کو ستایا جا رہا ہے۔ موصوف سابق وزیر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘راجوری میں ہمارے جوان شہید ہوئے تو دوسری طرف کہا جا رہا ہے کہ جموں وکشمیر میں حالات ٹھیک ہیں، اگر حالات ٹھیک ہیں تو ہمارے جوان شہید کیوں ہو رہے ہیں’۔ان کا کہنا تھا: ‘یہاں پکڑ دھکڑ کا سلسلہ جاری ہے، لوگوں کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے یہاں ملی ٹنسی کے نام پر لوگوں کا جینا مشکل کیا جا رہا ہے’۔سرکاری ملازموں کی بر طرفی کے بارے میں پوچھے جانے پر محبوبہ مفتی نے کہا: ‘سال 2019 سے جب سے یہاں لیفٹیننٹ گورنر راج ہوا تب سے سرکار نے اتنے لوگوں کو ملازمت نہیں دی جتنے لوگوں کو نوکریوں سے بر طرف کیا گیا’۔انہوں نے کہا: ‘ان طرف کئے جانے والے ملازموں کے عیال کا کوئی خیال نہیں رکھا جا رہا ہے’ میں سمجھتی ہوں کہ یہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو ایک اجتماعی سزا دی جا رہی ہے’۔