نئی دہلی،//صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین نے ملک کی کثیر جہتی ترقی میں بڑا کردار ادا کیا ہے اور ملک میں تبدیلی کا جو دور آیا ہے وہ ان کے عزم کے بغیر ممکن نہیں تھا۔
گروگرام میں ہریانہ انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن (ایچ آئی پی اے) کے 98 ویں خصوصی فاؤنڈیشن کورس میں شرکت کرنے والے ٹرینی افسران کے ایک گروپ نے جمعہ کو یہاں راشٹرپتی بھون میں صدر جمہوریہ سے ملاقات کی۔
اس موقع پر، محترمہ مرمو نے کہا، "سرکاری ملازمین نے ملک کی کثیر جہتی ترقی میں بہت بڑا کردار ادا کیا ہے۔ وہ ملک کے اتحاد اور سالمیت کو مضبوط کرنے کے بھی ذمہ دار ہیں۔ آج ملک جس تبدیلی سے گزر رہا ہے وہ ہمارے سرکاری ملازمین کے مضبوط عزم کے بغیر ممکن نہیں ہوسکتا تھا۔
صدر نے کہا کہ ملک میں جامع ترقی کے ہدف کو حاصل کرنا سرکاری ملازمین کا فرض ہے۔ تمام شہری ملک کی ترقی کے سفر میں فعال حصہ دار ہیں۔ انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ مختلف پروگراموں کے مقاصد کے حصول کے لیے عوامی شرکت کو فروغ دیں۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ وقت اور حالات کے مطابق گڈ گورننس کے معنی بدل جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید ترین ٹیکنالوجی کی مدد سے شہریوں کو فوری اور موثر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے مقصد سے ہی ’الیکٹرانک گورننس، اسمارٹ گورننس، موثر گورننس‘ اور دیگر اصطلاحات سامنے آئی ہیں۔
محترمہ مرمو نے کہا کہ سوشل میڈیا کے دور میں جب لوگ اپنی شکایات فوری طور پر پوسٹ کر سکتے ہیں، تو لوگوں تک خدمات پہنچانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی ضرورت کئی گنا بڑھ گئی ہے۔ عام لوگوں کی شکایات اور مسائل کا فوری جواب دینا سرکاری ملازمین کا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان افسران کو ایسے اختراعی اقدامات کرنے چاہئیں جو کہ مختصر اور طویل مدت میں شہریوں اور ملک کے لیے فائدہ مند ہوں۔