ملٹی اسٹارر فلموں کے لئے مشہور تھے گلشن رائے

0
0
  • یواین آئی
    ممبئی؍؍ بالی وڈ میں گلشن رائے کا نام ایک ایسے فلمساز کے طور پر یاد کیا جاتا ہے جنہوں نے اپنی تخلیق کردہ ملٹی اسٹارر فلموں کے ذریعے ناظرین کے دلوں میں مخصوص جگہ بنائی ہے ۔دو مارچ 1924 کو پیدا ہوئے گلشن رائے نے بطور ڈسٹری بیوٹر اپنے کیرئیر کا آغاز کیا تھا۔1970 میں اپنے تریمورتی فلمز کے بینر تلے فلم جانی میرا نام سے انہوں نے فلمسازی کے میدان میں قدم رکھا۔اس فلم میں دیوآنند، ہیما مالنی، پران، پریم ناتھ، آئی ایس جوہر نے اہم کردار نبھائے تھے ۔ماردھاڑ اور تھریلر سے بھری یہ فلم باکس آفس پر سپرہٹ ثابت ہوئی۔ 1973 میں انہوں نے ایک مرتبہ پھر دیوآنند اور ہیمامالنی کی جوڑی کے ساتھ فلم جوشیلے بنائی ۔یش چوپڑہ کی ہدایت میں بنی یہ فلم کوئی خاص کمال نہیں دکھاسکی ۔ 1975 میں ریلیز فلم’ دیوار ‘گلشن کے کیریئر کی اہم فلموں میں شمار کی جاتی ہے ۔یش چوپڑا کی ہدایت میں بنی فلم دیوار کے ذریعے انہوں نے دو بھائیوں کے درمیان اختلاف کو بخوبی پیش کیا۔اس فلم میں امیتابھ بچن ، ششی کپور کا ٹکراؤ دیکھنے کے قابل تھا یہ فلم سپرہٹ ثابت ہوئی اور اس کے ساتھ ہی نروپا رائے کو بھی ماں کے کردار کے لئے کافی شہرت ملی۔ سال 1977 میں گلشن رائے نے دھرمیندر اور ہیما مالنی کو لے کر فلم ڈریم گرل بنائی یہ فلم بھی ٹکٹ کھڑکی پر سپر ہٹ ثابت ہوئی۔ اس کے بعد انہوں نے 1978 میں آئی فلم ترشول کے ذریعے بہت سے ملٹی اسٹاروں کو ایک ساتھ پیش کیا۔ اس فلم میں سنجیو کمار، وحیدہ رحمان، امیتابھ بچن، ششی کپور، ہیمامالنی، راکھی، پونم ڈھلوں، سچن ، پریم چوپڑہ نے اہم کردار ادا کئے ۔ یش چوپڑا کی ہدایت میں بنی ترشول میں گلشن رائے نے باپ اور بیٹے کے درمیان اختلافات کو سلورسکرین پر پیش کیا۔ یہ فلم باکس آفس پر سپر ہٹ ثابت ہوئی۔ سال 1982 فلم ودھاتا ان کے کیرئیر کی کامیاب فلموں میں شمار کی جاتی ہے ۔ سبھاش گھئی کی ہدایت میں بنی اس فلم میں دلیپ کمار، سنجیو کمار، شمی کپور، سنجے دت، پدمنی کولہاپوری، سریش اوبرائے اور امریش پوری موجود تھے ۔ سال 1985 میں گلشن رائے نے فلم یودھ بنائی جس کی ہدایت کا ذمہ انہوں نے اپنے بیٹے راجیو رائے کو سونپا۔ باکس آفس پر اس فلم کو اوسط کامیابی ملی۔ 1989 میں گلشن رائے نے ایک اور ملٹي اسٹار فلم تری دیو کی تعمیر کی۔ راجیو رائے کی ہدایت میں بنی اس فلم میں سنی دیول- نصیرالدین شاہ، جیکی شراف، مادھوری دیکشت ، سنگیتا بجلانی، امریش پوری نے اداکاری کے جوہر دکھائے ۔یہ فلم بھی سپرہٹ ثابت ہوئی۔ اس کے بعد گلشن رائے نے مہرہ اور گپت جیسی کامیاب فلمیں بنائیں۔ اپنی فلموں کے ذریعے شائقین کے درمیان خاص شناخت بنانے والے گلشن رائے 11 اکتوبر 2004 کو اس دنیا کو الوداع کہہ گئے ۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا