کولکاتہ، // خلیج بنگال میں دیر رات کو شدید طوفان ریمال کی دستک سے 135 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارش کے سبب پیر کے روز کولکاتہ سمیت مغربی بنگال کے متعدد دیگر اضلاع میں کچے مکانات تباہ ہوگئے، درخت اکھڑ گئے، بجلی کے کھمبے اور ریلوے سگنل پوسٹ گرگئے۔
ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سمندری طوفان ریمال کے مغربی بنگال اور اس سے ملحقہ بنگلہ دیش کے ساحلوں سے ٹکرانے کے بعد متعدد افراد مکان گرنے یا چھت اڑنے سے ملبے کی زد میں آکر زخمی ہوگئے۔ ریاستی حکومت نشیبی علاقوں میں رہنے والے تقریباً 1.10 لاکھ لوگوں کو پہلے ہی محفوظ مقامات پر منتقل کر چکی ہے۔
یہاں کے علاقائی موسمیاتی مرکز کے مطابق سمندری طوفان کے ساحل سے ٹکرانے کا سلسلہ اتوار کی رات تقریباً ساڑھے 8 بجے شروع ہوا اور مغربی بنگال کے جنوبی 24 پرگناس کے ساگر جزیرے اور مونگلا کے نزدیک کھیپوپاڑہ کے درمیان پیر کی صبح کو ختم ہوا۔
اس کے نتیجے میں موسلا دھار بارش ہوئی، کولکاتہ میں 146 ملی میٹر بارش درج ہوئی، اور 100-110 کلومیٹر فی گھنٹہ سے 135 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں، جس سے درخت اکھڑ گئے اور بجلی کی تاریں ٹوٹ گئیں۔ شہر میں دیوار گرنے سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔
جنوبی کولکاتہ کے متعدد علاقے جیسے ڈھکوریا، پارک سرکس اور بالی گنج زیر آب آگئےجبکہ ٹولی گنج اور کوی نظر الاسلام اسٹیشنوں میں میٹرو ریلوے کے شیڈ اڑ گئے تھے۔
مضافاتی سیالدہ ساؤتھ سیکشن میں احتیاطی اقدام کے طور پر ریلوے خدمات کو پہلے ہی معطل کر دیا گیا تھا جبکہ NSCBI ہوائی اڈے کو بھی اتوار کی دوپہر 12 بجے سے پیر کی صبح 9 بجے تک بند کر دیا گیا تھا۔ مجموعی طور پر 340 ملکی اور 54 بین الاقوامی پروازیں منسوخ کی گئیں۔
شمالی 24 پرگنہ، جنوبی 24 پرگنہ اور مشرقی مدنا پور اضلاع سے موصولہ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ طوفان کے سبب بہت سے کچے مکانات زمین بوس ہو گئے ہیں اور بجلی کے کھمبے بھی ٹوٹ گئے ہیں۔
خلیج بنگال میں اونچی سمندری لہریں دیکھی گئیں۔