غلام نبی آزاد نے اپنے دور اقتدار میں جو تاریخی کام انجام دے ہیں جموں و کشمیر کی تاریخ میں اس کی مثال ملنا مشکل
ملک شاکر
بانہال؍؍ایل جی انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ حکم نامہ جس میں 31 جنوری سے قبل سرکاری اراضی کو خالی کرنا شامل ہے کو بربریت کی بد ترین مثال قرار دیتے ہوئے ڈیموکریٹک آزاد پارٹی کے رہنما اور نوجوان لیڈر ڈاکٹر آصف کھانڈے نے سخت الفاظ میں مذمت اور کڑی نقطہ چینی کی ہے اور سرکار سے اس عامرانہ فیصلے کو واپس لینے کے لئے کہا ہے۔ موصوف نے ان خیالات کا اظہار حلقہ انتخاب بانہال میں کارکنان کے ساتھ اپنے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ غلام نبی آزاد نے اپنے دور اقتدار میں جو تاریخی کام انجام دے ہیں جموں و کشمیر کی تاریخ میں اس کی مثال ملنا مشکل ہے۔ روشنی ایکٹ کا ذکر کرتے ہوئے موصوف نے کہا کہ یہ ایک انقلابی قدم اور اندیشی پر مبنی فیصلہ تھا جس براہ راست فایدہ غریب عوام کو ملتا تھا مگر بھاجپا ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت L.G انتظامیہ کے ذریعے یہاں کی ڈیموگرافی تبدیل کروانا چاہتی ہے لیکن ڈیموکریٹک آزاد پارٹی خاموش تماشائی نہیں بنے گی اور اس جابرانہ فیصلے کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت اس فیصلے کے خلاف سخت مظاہرہ کرئے گی اور عوام کی فلاح وبہبود کی خاطر ہر ممکن قدم اٹھائے گی۔ موصوف نے مزید کہا کہ 19 تاریخ کو ضلعی ہیڈ کواٹر رامبن میں بھی ایک احتجاجی ریلی نکالی جائے گی جس میں انتظامیہ سے اس حکم نامے کو واپس لینے کا پرزور مطالبہ کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جوق در جوق ڈیموکریٹک آزاد پارٹی میں شمولیت کر کے غلام نبی آزاد کی پارٹی کو مظبوط کرے تاکہ ریاست میں وہی ترقی اور خوشحالی دیکھنے کو ملے جس کی شروعات موصوف نے بحثیت وزیر اعلی 2005 میں کی تھی۔ موصوف نے حلقہ انتخاب بانہال میں بجلی کی بار بار کٹوتی اور عوامی مشکلات میں دن بہ دن اضافے پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے ۔