کہا کارپوریشن کے یونٹوں کو اَپ گریڈ کریں تاکہ وہ فوڈ سیکٹر کی موجودہ صنعتوں کا مقابلہ کر سکیں
لازوال ڈیسک
جموں ؍؍ لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے آج جے کے ایچ پی ایم سی کی اِنتظامیہ پر زور دیا کہ وہ اَپنے کاموں کو بہتر بنائے اور اِس کی رسائی کو زیادہ سے زیادہ کرنے اور فوڈ سیکٹر کی موجودہ صنعتوں کے ساتھ خود کو قابل بنانے کے لئے نئے طریقوں اور ٹیکنالوجیوں کو تلاش کرے ۔اِن باتوں کا اِظہار مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے جے کے ایچ پی ایم سی کی کارکردگی اور کام کاج کا جائزہ لینے کے لئے میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار شیلندر کمار ، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ایچ پی ایم سی امام الدین اور متعلقہ محکموں کے دیگر سینئر اَفسران نے نے شرکت کی۔ میٹنگ میں مشیر موصوف نے افسروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کارپوریشن میں جموں و کشمیر کے باغبانی شعبے میں حصہ اَدا کرنے کی بہت زیادہ صلاحیت ہے اور اس لئے کارپوریشن میں جدید میکانائزیشن اور تکنیکی مداخلت کو بروئے کار لایا جانا چاہیے تاکہ اِس شعبے پر اس کے زیادہ سے زیادہ اثرات مرتب ہوسکیں۔اُنہوں نے کارپوریشن کی اِنتظامیہ کو مشورہ دیا کہ وہ اَپنے کاموں اور اثاثوں کے اِستعمال کو بہتر بنانے کے اوراَپنے منافع کو زیادہ سے زیادہ کرنے کے لئے جدید طریقے تلاش کرے۔ اُنہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ کارپوریشن کے یونٹوں کو اَپ گریڈ کریں تاکہ وہ فوڈ سیکٹر کی موجودہ صنعتوں کا مقابلہ کر سکیں۔مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے فوڈ پروسسنگ اینڈ پیکیجنگ یونٹ بارہمولہ، فروٹ ٹرانسپمنٹ سینٹر نروال میں فوڈ پروسسنگ اینڈ پیکیجنگ یونٹ، اِنٹگریٹیڈ ہائی ٹیک سورٹنگ ، گریڈنگ اینڈ پیکیجنگ سینٹر بیجی بہاڑہ اور کارپوریشن کے دیگر یونٹوں جیسے جاری پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے ایم ڈی جے کے ایچ پی ایم سی کو ہدایت دی کہ وہ تمام جاری منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کریں تاکہ وہ مقررہ وقت کے اَندر کام کرسکیں۔دورانِ میٹنگ ایم ڈی جے کے ایچ پی ایم سی نے کارپوریشن کی کارکردگی اور کام کاج کے کے علاوہ جاری منصوبوں پر کام کی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی پرزنٹیشن دی۔