جموں،28جولائی(یو این آئی) جموں وکشمیر کے پونچھ اور ریاسی اضلاع کے کئی علاقوں کو سیکورٹی فورسز نے محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق مشکوک افراد کی نقل وحرکت کی اطلاع ملنے کے بعد فوج ، پولیس اور سی آر پی ایف نے پونچھ اور ریاسی اضلاع کے متعدد علاقوں کو سیل کرکے فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ اتوار کی صبح سیکورٹی فورسز نے پونچھ کے سلوتری مانگنار علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
ذرائع کے مطابق ایل او سی کے نزدیک اس علاقے میں چند مشکوک افراد کو دیکھا گیا جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے یہاں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ ڈرون کیمروں کے ذریعے علاقے پر نظر گزر رکھی جارہی ہیں۔
دریں اثنا اتوار کی صبح ہی ریاسی ضلع کے پونی علاقے میں گھر گھر تلاشی آپریشن شروع کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق مقامی خاتون نے پولیس کو اطلاع فراہم کی کہ اُس نے دو مشکوک افراد کو دیکھا گیا جس کے بعد فوج اور پولیس نے ایک وسیع العریض علاقے میں اضافی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی۔
باوثوق ذرائع کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سیکورٹی فورسز نے جموں صوبے کے ایک درجن علاقوں میں تلاشی لی تاہم اس دوران کوئی مشکوک شئے برآمد نہیں کی جاسکی ہے۔
آخری اطلاعات موصول ہونے تک پونچھ اور ریاسی کے کئی علاقوں میں تلاشی آپریشن جاری تھا۔
اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔