نئی دہلی؍؍(ہ س)بین الاقوامی بازارمیں خام تیل کی قیمتوں میں آئے استحکام کا فائدہ مقامی بازار میں بھی دیکھنے کو مل رہا ہے۔ تیل مارکیٹنگ کمپنیوں نے مسلسل تیسرے دن منگل کے روز بھی پٹرول کی قیمت میں کمی کی ہے، جبکہ ڈیزل کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔ تیل کمپنیوں نے پیٹرول کی قیمت میں 11 پیسے فی لیٹر تک کمی کی ہے۔ راجدھانی دہلی، ممبئی اور کولکاتہ میں پٹرول کی قیمت میں 10 پیسے فی لیٹر کی کمی کی گئی ہے جبکہ چنئی میں پٹرول 11 پیسے فی لیٹر سستا ہوا ہے۔ انڈین آئل کی ویب سائٹ کے مطابق ملک کے چار بڑے شہروں دہلی، کولکاتہ، ممبئی اور چنئی میں پٹرول کی قیمت کم ہو کر بالترتیب 75.70 روپے، 78.29 روپے، 81.29 روپے اور 78.65 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ ملک کے چار بڑے شہروں میں ڈیزل کی قیمت کم ہو کر بالترتیب 69.06 روپے، 71.43 روپے، 72.42 روپے اور 72.98 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔