مذہب اسلام میں جبروتشدد کی کوئی گنجائش نہیں:مفتی بدر عالم

0
0

مسلمان سیرت طیبہ کو مشعل راہ بنائیں:ڈاکٹر عبدالحکیم ازہری،دیونار میں ایس ایس ایف گولڈن ففٹی اجلاس میں ہزاروں کی تعدد میں مدارس ودارالعلوم کے طلبہ کی شرکت۔میدان اللہ اکبر کی صداؤں سے گونج اٹھا
دیونار
ممبئی//:مذہب اسلام امن وسلامتی کا سب سے بڑاداعی ہے،اسلام ہی ایک ایسا دین ہے جو صبر وسلامتی کا ضامن ہے۔جو ہر موقع پر دہشت گردی اور تخریب کاری کے منافی ہے۔محسن انسانیت کی تعلیمات انتہا پسندی اورجبرو تشدد کے خلاف ہے۔ مذکورہ خیالات کا اظہارمعروف عالم دین الجامعۃ الاشرفیہ مبارکپور کے پرنسپل مفتی بدر عالم مصباحی نے آج یہاں ممبئی کے دیونار میں منعقد ایس ایس ایف گولڈن ففٹی کانفرنس کے دوسرے روز آل انڈیا ڈیلی گیٹ کانفرنس سے کلیدی خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ دعوت دین کے لئے خلوص للہیت کی ضرورت ہے۔داعی کے لئے حکمت اور موعظ حسنہ کی تاکید آئی ہے۔ مفتی بدر عالم نے کہاکہ داعی حضرات اپنے وعظ ونصیحت میں نرم لہجہ،محبت وپیار کو اپنائیں،ہمارا اخلاق وکردار اسوۂ حسنہ کے مطابق ہو۔ انہوں نے کہاکہ آج ایس ایس ایف کی کانفرنس کے بینر تلے ہمیں متحد ہوکر تنظیمی سطح پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔باہمی ارتباط کی کمی کو دور کرنا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے شیخ ابوبکر احمد کی بیش بہا دینی خدمات کو بھی سراہا۔
اس موقع پر ڈاکٹر عبدالحکیم ازہری نے کہاکہ مسلمان سیرت طیبہ کو عملی جامہ پہنائیں،اسوۂ حسنہ کی عمل پیروی ہی میں دنیا وآخرت کی سرخروئی ہے۔انہوں نے طلبہ سے مخاطب ہوکر کہاکہ کیرالہ کی طرز پر طلبہ دعوت وتحریک میں شامل ہوں، ایس ایس ایف تنظیم آل انڈیا سطح پر منظم طریقے سے کام کرر ہی ہے۔ جس میں ملی،مذہبی،دعوتی،تعلیمی،سماجی اور رفاہی امور شامل ہیں۔ ڈاکٹر سید افضل الدین جنیدی(سجادہ نشیں شیخ دکن گلبرگہ،الحاج سعید نوری،حاجی ابوبکر عطاری،ڈاکٹر فاروق نعیمی،مولانا نوشاد عالم مصباحی،عبید اللہ ثقافی،مولانا ولی اللہ شریفی،مفتی منظرحسن خان مصباحی،قاری عبدالرحمن ضیائی،مولانا توفیق اعظمی کے اہم شرکاء تھے۔واضح رہے کہ ممبئی کے دیونار میں منعقدہ آج دوسرے روز ایس ایس ایف گولڈن ففٹی کانفرنس مختلف سیشن کے تحت کل ۴ /اسٹیج پر جاری رہی۔ جس میں ملک کی ۴۲/ ریاستوں کے ہزاروں کی تعداد میں دارالعلوم،جامعات،مدارس ویونیورسٹی کے تخصص طلبہ،درجہ فضیلت،تحقیق کے طلبہ شریک رہے۔پروگرام کئی سیشن میں جاری و ساری تھا۔ جس میں قابل ذکر پروگرام جلسہ دعوت دین،نصیحت کانفرنس،مذہبی کانفرنس،ویلیج اینڈ دعوۃ کانفرنس،مزدورکانفرنس،آل انڈیا اردو اسٹوڈنس اجلاس،جغرافیہ کانفرنس،پروفیشنل میٹ،این آرآئی میٹ،خوشحال سرزمین،مورل اجلاس،آرٹ اجلاس،آئیڈیو لوجی شامل رہے۔واضح رہے کہ اتوار کو عظیم الشان اختتامیہ تقریب میں ۴۲/ریاستوں،ممبئی واطراف کے مندوبین لاکھوں کی تعداد میں اجلاس میں شریک ہورہے ہیں۔ معلوم ہو کہ اس موقع پر امام مدینہ آل رسول شیخ حضرت عادل جفری نماز مغرب کی امامت فرمائیں گے۔آپ سب سے شرکت کی استدعا ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا