ڈرائیوروں کو ٹریفک قوانین پر عمل کرنے کی تلقین، مسافروں سے بھرپور تعاون کی امید
بابر فاروق
کشتواڑ//قومی روڈ سیفٹی ماہ 2024 کے پروگرام کے تحت محکمہ موٹر وہیکل کشتواڑ نے کشتواڑ- چھاترو سڑک رابطے پر مسافروں، ڈرائیوروں اور کنڈیکٹروں کے لیے ایک ہدفی بیداری مہم چلائی۔ اس دوران روڈ سیفٹی کی اہمیت کے بارے میں عوام کو جانکاری فراہم کی گئی، سڑک حادثات کی عام وجوہات کو اْجاگر کرنے، اور ایسے واقعات کو کم سے کم کرنے اور روڈ سیفٹی کی مجموعی سہولیات کو بڑھانے کے لیے مختلف اقدامات تجویز کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ منعقدہ مہم کے دوران تقریباً 150 مسافروں، ڈرائیوروں، اور کنڈیکٹرز نے آگاہی مہم میں حصہ لیا، جو عوام تک پہنچنے میں پہل کی کامیابی کی تصدیق کرتے ہیں۔ اس دوران روڈ سیفٹی کے اہم پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا، سڑک کے محفوظ ماحول کو فروغ دینے میں تمام لوگوں بشمول ڈرائیوروں و مسافروں کی مشترکہ ذمہ داری پر زور دیا۔ مہم میں اہم موضوعات جیسے ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کا کردار، ٹریفک قوانین کی پابندی اور گاڑی کی مناسب دیکھ بھال کی اہمیت پر گفتگو کی گئی۔ سیشن کے دوران حادثات کی روک تھام اور ہنگامی حالات میں فوری ردعمل کے لیے عملی اقدامات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ کشتواڑ چھاترو سڑک رابطے پر مسافروں و ڈرائیوروں کے ساتھ ساتھ گفتگو کرتے ہوٹ اے آر ٹی او کشتواڑ و دیگر عملے نے مسافروں و ڈرائیوروں سے ٹریفک قوانین کی پابندی کرنے کی تلقین کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر جانکاری بھی فراہم کی جن سے سڑک حادثات کا کم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ڈرائیوروں کو اوورلوڈنگ، تیز رفتار و گاڑیوں کی مسلسل جانچ نہ کرنے کے مضر اثرات کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کی۔ محکمہ موٹر وہیکل کشتواڑ نے ایک مشترکہ سماجی ذمہ داری کے طور پر روڈ سیفٹی کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ محکمہ سڑک حادثات کو کم اور ہر ایک کے لیے محفوظ سڑک کے ماحول کو فروغ دینے کے لیے اجتماعی طور پر تعاون کرنے کے لیے عوام کی فعال شرکت کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔