کہامضبوط وزیر اعظم کی وجہ سے بیرون ملک رہنے والے ہندوستانی محفوظ محسوس کر رہے ہیں
لازوال ڈیسک
جموں؍؍بی جے پی کے سینئر لیڈر اور ممبر پارلیمنٹ (راجیہ سبھا) غلام علی کھٹانہ نے کہا ہے کہ سماج کے محروم طبقات پی ایم مودی کی قیادت والی حکومت کی انقلابی اور عوام دوست پالیسیوں کی وجہ سے ہی بی جے پی پر اپنا اعتماد ظاہر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا کے کسی بھی حصے میں رہنے والے ہندوستانی پی ایم مودی کی قیادت میں بیرون ملک اپنے ملک کی بولڈ امیج کی وجہ سے خود کومحفوظ محسوس کر رہے ہیں۔بی جے پی لیڈر نے کہا، ’’جنگ کے دوران یوکرین میں پھنسے ہندوستانیوں کو بچانا اور اس طرح کی دیگر کارروائیوں نے دنیا کو ہمارے ملک کی طاقت دکھا دی ہے‘‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان کی خارجہ پالیسی وہ نہیں ہے جو پہلے ہوتی تھی اور آج دنیا کا ہر ملک ہندوستان کے ساتھ تجارتی، ثقافتی اور دیگر سفارتی تعلقات رکھنے پر فخر محسوس کرتا ہے۔کھٹانہ نے مزید کہاکہ بہت سے ہندوستانی مغربی اور دیگر ممالک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ ہندوستانی مصنوعات کو بھی اطمینان کے احساس کے ساتھ بیرون ملک لے جایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسٹارٹ اپس، مدرا لون وغیرہ جیسے پروگراموں نے ایک طرف بے روزگاری کو کم کیا ہے اور دوسری طرف ان سے ہندوستانی معیشت میں کافی حد تک بہتری آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں آرٹیکل 370 اور 35-A کی منسوخی ایک انقلابی قدم تھا جس نے ترقی اور خوشحالی کے دور کا آغاز کیا۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں پتھر بازی، سرحد پار سے دراندازی اور دیگر مسائل ختم ہو چکے ہیں اور ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے جس میں نوجوان صحیح طریقے سے تعلیم حاصل کر کے روشن مستقبل کی طرف بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے قبائلیوں، بالمیکیوں، گورکھوں،پاکستانی زیر انتظام جموں وکشمیر پناہ گزینوں اور مغربی پاکستان کے پناہ گزینوں کو وزیر اعظم مودی کی قیادت میں ان کے حقوق ملے ہیں جب کہ این سی ، پی ڈی پی اور کانگریس کے دور حکومت میں سماج کے ان محروم طبقات کو سات سے زائد دہائیوںتک بری طرح سے امتیازی سلوک کا نشانہ بنایا گیا۔