نمایاں ریٹ لسٹ آویزاں رکھیں صفائی کا خاص خیال رہے:تحصیلدار منڈی
ریاض ملک
منڈی؍؍ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی میں محرم الحرام کے ایام متبرکہ کے پیش نظر انتظامیہ نے سال 2023کی پہلی بار بازار کی چیکنگ کی ہے۔ منڈی بس اڈہ تا بڈھا امر ناتھ تک بازار کی چیکنگ کی گئی۔ اس دوران متعدد دوکانوں کا معائنہ کیا گیااور اشیاء خرد ونوش وہوٹل وغیرہ کی باریک بینی سے چیکنگ کی گئی۔اس موقع پر تحصیلدار منڈی شہزاد لطیف خان، ایس ایچ او منڈی انسپکٹر مختار علی ،بلاک ڈولپمنٹ آفیسر منڈی محمد ابراہیم، تحصیل سپلائی آفیسر منڈی سبھاش سوری و دیگر افسران بھی موجود رہے۔ اس دوران تمام دکانداروں کو ریٹ لسٹ کے مطابق اشیائے خورد نوش فروخت کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی بھی دکاندار ریٹ لسٹ کی خلاف ورزی کرتا ہوا پایا گیا اور اضافی قیمت وصول کرتاہواپایاگیا یا اس کے خلاف شکایات موصول ہوئی تو ان کے خلاف قانون کے تحت سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے چکن اور سبزیوں کے ریٹ کے بارے میں بھی ھدایات جاری کی کہ کوئی بھی دوکاندار یا تاجر تہواروں کا فائیدہ اُٹھاکر خریداروں کا استحصال نہ کریں۔اس دوران اطراف واکناف میں صاف صفائی اور ہوٹلوں میں بہتر صفائی پر زوردیاگیا۔