اکادمی کی کارکردگی اور ریاست میں اردو زبان و ادب کے مسائل پر سیر حاصل تبادلہ خیال
گلبرگہ : 20/جولائی : (راست)
جناب چاند اکبر ،معتمد نشر و اشاعت کی اطلاع کے بموجب محبّانِ اردو گلبرگہ کے عہدیداران و اراکین پر مشتمل وفد نے آج بہ تاریخ 20/جولائی 2024،شام پانچ بجے، ڈاکٹر انیس صدیقی، رکن کرناٹک اردو اکادمی کی رہائش گاہ موقوعہ گل مہر ہلز پر صدر کرناٹک اردو اکادمی بنگلور مولانا مفتی محمد علی قاضی صاحب سے خیر سگالی ملاقات کی۔
نہایت خوشگوار ماحول میں ہوئی اس ملاقات میں صدر اکادمی نے اکادمی کی کارکردگی اور مستقبل کے منصوبوں پر اجمالاً گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اکادمی ریاست کے تمام علاقوں میں اردو زبان و ادب ترقی و ترویج کے لیے پر اخلاص اور سنجیدہ کوششیں کرے گی۔انھوں نے مزید کہا کہ وہ شمالی کرناٹک اور جنوبی کرناٹک کے ادبا، شعرا اور صحافیوں کے درمیان ایک خلیج محسوس کرتے ہیں۔اس خلیج کو پاٹنے اور ہم آہنگی، اتحاد و اتفاق کے ماحول کو پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔اس ضمن میں اکادمی اپنا کردار ادا کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔گلبرگہ میں اکادمی کے ریجنل آفس کے قیام اور سال میں ایک دو بار اکادمی کی جنرل کونسل کی میٹنگ گلبرگہ میں منعقد کرنے کی، وفد کی تجویز پر انھوں نے غور کرنے کا وعدہ کیا. ڈاکٹر پیر زادہ فہیم الدین نے صدر اکادمی کی توجہ اس جانب مبذول کرائی کہ گلبرگہ زمانہ قدیم سے اردو زبان و ادب کا گہوارہ رہا ہے۔یہاں کے کئی قلم کار قومی سطح پر معروف ہیں۔چنانچہ اکادمی کی سرگرمیوں میں یہاں کے قلمکاروں کی مناسب حصہ داری ہونی چاہیے۔
اس موقع پر سینئر صحافی جناب عزیز اللہ سرمست نے اردو اخبارات اور صحافیوں کے مسائل کی یکسوئی اور اشتہارات کی صورت میں اردو اخبارات کی مالی اعانت سے متعلق یادداشت صدر اکادمی اور رکن اکادمی ڈاکٹر انیس صدیقی کو پیش کی۔صدر اکادمی نے مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ضرور اس پر غور کریں گے۔جناب خواجہ پاشاہ انعام دار،جناب محمد مجیب احمد،ڈاکٹر انیس صدیقی ،جناب عارف مرزا، جناب چاند اکبر،جناب سید طیب علی یعقوبی اور مولانا فخرالدین مانیال شریک گفتگو رہے۔