کہا میری والدہ نے ہمیشہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے آواز اٹھائی
شاہ ہلال
اننت ناگ؍؍ التجا مفتی نے اپنی والدہ کے لیے انتخابی مہم جاری رکھتے ہوئے جمعہ کو ڈورو اننت ناگ کے کوٹ ہیوارڈ، قمر، نوگام اور سادیواڑہ علاقوں میں روڈ شو کیا۔ بارش کے باوجود روڈ شو کے دوران لوگوں اور خاص کر خواتین نے التجا مفتی کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر التجا مفتی نے پارٹی کارکنوں کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ انکے جلسے میں کوئی ایسا نعرہ نہ لگائیں جس سے کسی سیاسی جماعت کی تذلیل ہو۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح مرحوم مفتی محمد سعید کا نام اونچا ہے اسی طرح ان سیاسی لیڈران کا بھی اپنا نام ہے، لہذا مستقبل میں اس طرح کے نعرے لگانے سے گریز کریں۔ التجا نے ایک بار پھر مرکزی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پی ڈی پی کو نیچا دکھانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے۔ لیکن محبوبہ مفتی نے مرکزی حکومت کے ساتھ کبھی سمجھوتہ نہیں کیا بلکہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے آواز اٹھائی۔التجا نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ 25 مئی کو گھروں سے باہر آئیں اور محبوبہ مفتی کے حق میں ووٹ ڈالیں تاکہ وہ بھاری اکثریت سے جیت درج کریں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے التجا نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں صرف عوام کو تقسیم کرنے کی پالیسی اپنا رہی ہیں اور وہ عوام کو فرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم کر رہی ہیں انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے پر کیچڑ اچھالنے کا نہیں بلکہ یہ وقت ایک جْٹ ہونے کا ہے۔ التجا مفتی نے کہا کہ عوام پارٹی صدر محبوبہ مفتی کو مینڈیٹ دیں گے کیونکہ وہ واحد لیڈر ہیں جو دلیر اور نڈر ہیں اور انہوں نے عوام کے لیے قربانیاں دی ہیں، وہ مینڈیٹ کی حقدار ہیں۔