کیرالہ کے نالج سٹی میں ۱۷؍ویں رمضان کو بدرالکبریٰ روحانی اجلاس کا انعقاد
کالی کٹ؍ عبدالکریم امجدی)
کیرالہ ریاست کے کیداپوئل میں جنوبی ہند کے سب سے بڑے نالج سٹی شہرمیں جامع الفتوح کے تحت ماہ رمضان المبارک کے مقدس موقع پر مختلف دینی ،دعوتی ،روحانی پروگرامس سمیت یومیہ ہزاروں افراد کے دعوت افطار کا معقول انتظام وانصرام جاری ہے ۔علاوہ ازیں ۲۷؍مارچ کو عظیم الشان بدرالکبریٰ روحانی اجلاس کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں ملک وبیرون ممالک کی عظیم شخصیات شریک ہورہی ہیں ۔ دعائیہ اجتماع کا بعد نماز ظہر تا تراویح نماز ہوگا ۔ذرائع کے مطابق ماہ صیام میں نالج سٹی کے جامع الفتوح کے ماتحت رمضان نصیحت،رمضان خطبات ،صحبہ مجلس ،ختم البردہ ،جلسہ اعتکاف،مجلس الروح ،ساعت الاجابۃ ،خواتین رمضان خطبات اورمعذور افراد کے لئے خصوصی دعوتی پروگرامس رمضان تقریبات میں شامل ہیں ۔مرکز نالج سٹی منیجنگ ڈائیریکٹر ڈاکٹر عبدالحکیم ازہری نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ روزہ صبر وتحمل اور غمخواری کا درس دیتا ہے ۔روزہ ارکان اسلام کے چوتھے ستون کا نام ہے ۔ڈاکٹر ازہری نے کہاکہ ماہ رمضان میں ہرنیکی کا اجر کئی گنازیادہ ہوجاتا ہے ۔ہمیں اس ماہ کی قدر کرنی چاہئے ۔انہوں نے کہاکہ یہ مہینہ حصولِ جنت اور جہنم سے نجات پانے کا اہم ترین ذریعہ ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر اصحاب ثروت اور اہل خیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ غریبوں اور بے سہارا افراد کی مدد کریں ۔واضح رہے کہ شیخ ابوبکر احمد کی سرپرستی میں جامعہ مرکز الثقافۃ کے زیر اہتمام کیداپوئل میں دینی وعصری تعلیم کے کئی ادارے قائم ہیں ۔ جن میں قابل ذکر لاکالج ،میڈیکل کالج ،انٹرنیشنل اسکول،یونانی کالج ،شریعت کالج ،الف گلوبل اسکول ،آئی اے آئی ایس کوچنگ سینٹر وغیرہ بحسن خوبی چل رہے ہیں ۔تعلیم اور روحانیت کا عظیم مرکز نالج سٹی بن چکا ہے ۔جو تاریخ میں انفرادی نوعیت کا حامل ہے ۔