یواین آئی
پٹنہ؍؍بہار میں حکمران جنتا دل یونائٹیڈ (جے ڈی یو) کے صدر اور ریاست کے وزیر اعلی نتیش کمار نے ٹوئٹ کے ذریعے ایک بار پھر اپنے مخالفین پر طنز کیا ہے ۔ مسٹر کمار نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر کے ذریعے اپنے مخالفین پر مسلسل دوسرے دن شدید حملہ کرتے ہوئے لکھا-”جان کی فکر، مال، مالز کی فکر، کیا سب سے بڑی دیش بھکتی ہے ”۔اگرچہ اپنی ٹویٹس میں وزیر اعلی نے کسی کا نام تو نہیں لیا لیکن ان کا ٹویٹ راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے صدر لالو پرساد یادو اور سابق نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو کو جواب کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ۔ اس سے قبل منگل کو بھی وزیر اعلی نے راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) سپریمو، جنتا دل یونائٹیڈ (جے ڈی یو) کے سابق قومی صدر شرد یادو اور سابق وزیر اعلی جتن رام مانجھی کی سیکورٹی میں کمی کرنے کے مرکز کے فیصلے کو لے کر جاری بیان بازی کے درمیان سوشل میڈیا کے ذریعے احتجاج پر طنز کیا تھا۔ انہوں نے ٹوئٹ کے ذریعے مخالفین پر حملہ کرتے سوال کیا کہ ریاستی حکومت کی طرف سے زیڈ پلس اور ایس ایس جی کی ملی ہوئی سیکورٹی کے باوجود مرکزی حکومت سے نیشنل سیکورٹی گارڈ (این ایس جی) اور مرکزی ریزرو پولیس فورس ( سی آر پی ایف) کے سینکڑوں سکیورٹی جوانوں کی دستیابی کے ذریعے لوگوں پر رعب جھاڑنے کی ذہنیت کیا بہادر شخصیت کا مظہر ہے ۔