کہاجموں و کشمیر اِنتظامیہ مندر کی تعمیر کے جاری کام میں ماتا بھدرکالی استھاپن ٹرسٹ کو تمام ضروری تعاون فراہم کرے گی
لازوال ڈیسک
جموں؍؍لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے مہا نومی کے موقعہ پر جموں کے دیوی آنگن تھلوال میں دیوی بھدرکالی کے زیر تعمیر مندر میں پوجا کی۔اُنہوں نے مہا نومی کی مُبارک باد پیش کی اور مندر کے جاری تعمیراتی کام کی جلد مکمل کرنے کے لئے ماتا کالی استھاپن ٹرسٹ کو جموںوکشمیر اِنتظامیہ کی طرف سے تمام ضروری تعاون کی یقین دہانی کی جو ہندواڑہ میں واقع قدیم مندر کی کی طرز پر ہوگا۔لیفٹیننٹ گورنرنے کشمیری پنڈت کمیونٹی ، فوج، پولیس اور سینٹرل آرمڈ پولیس فورسز کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے سماجی و ثقافتی مرکز اور شہیدستھال سمیت یاتریوں کی خاطر مطلوبہ سہولیات کی تعمیر میں ماتا بھدرکالی استھاپن ٹرسٹ کی کوششوں کی بھی سراہنا کی۔ لیفٹیننٹ گورنر نے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک میں ثقافتی احیاء اور معاشرے کی فلاح و بہبود کے وسیع مقصد سے اہم قدیم اور مذہبی مقامات کی بحالی پر روشنی ڈالی۔ اُنہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر اِنتظامیہ وادی میں کشمیری پنڈت کمیونٹی کی مستقل آباد کاری کے لئے ایک سازگار منظر نامہ بنانے کے لئے پوری لگن کے ساتھ کام کر رہی ہے ۔اُنہوں نے کشمیری پنڈت وفد کے ساتھ اَپنی پہلی بات چیت کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سری نگر میں سرکاری ملازمین کو اَپنے مکانات بنانے کی خاطرکم قیمت پر زمین فراہم کرنے کے لئے ضروری اِنتظامات کرے گی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ کشمیری پنڈت کمیونٹی کے تمام مسائل اور خدشات کو دور کرنے کے لئے ایل جی سیکریٹریٹ میں ایک نوڈل افسر کا تقرر کیا گیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ کمیونٹی کے افراد صوبائی کمشنر، اے ڈی جی پی، آئی جی پی اور متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنر کے ساتھ بھی مسائل اُٹھا سکتے ہیں اور ان کا معاملہ ترجیحی بنیادوں پر اُٹھایا جائے گا۔اُنہوںکمشنر ریلیف اینڈ باز آباد کاری کے کے سدھاکو ہدایت دی کہ وہ وادی کشمیر میں مکمل شدہ مکانات کی باقاعدگی سے الاٹمنٹ کریں اور بنیادی ڈھانچے اور دیگر سہولیات کے معاملے میں ضروریات پر ایک رِپورٹ پیش کریں ۔اُنہوں نے کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لئے اِنتظامیہ کی طرف سے اُٹھائے گئے مختلف اقدامات پر روشنی ڈالی ۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہمسایہ ملک اور دہشت گرد آرگنائزیشنوں کی طرف سے اَمن کو خراب کرنے کی ناکام کوششوں کے باوجود ہماری پولیس اور سیکورٹی فورسز لوگوں کے لئے ایک محفوظ ماحول کو یقینی بنانے کے لئے چوبیس گھنٹے کام کر رہی ہیں۔اِس موقعہ پر صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار،آئی جی پی جموں آنند جین، ضلع ترقیاتی کمشنر جموں سچن کمار واشیا،سابق قانون ساز اجے بھارتی، سول اور پولیس اِنتظامیہ کے سینئر افسران، ماتا بھدرکالی استھاپن ٹرسٹ کے ممبران اور ممتاز شہری موجود تھے۔