نوجوانوں کی شمولیت اور تعلیم دیگر دو اہم شعبے ہیں جن پر ضلعی اَفسروں کو خصوصی توجہ دینے کی ضرورت
لازوال ڈیسک
بڈگام؍؍لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے ضلع بڈگام میں ترقیاتی منظر نامے کا جائزہ لینے کے لئے آج ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔اُنہوں نے مرکزی معاونت والی اور یوٹی حکومت کی سکیموں اور ضلع میں ترقیاتی پروجیکٹوں کے شعبہ وار عمل آوری کی پیش رفت کی تعریف کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے ضلع اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ مہمان نوازی شعبے میں میں نجی سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کریں تاکہ سیاحت کو فروغ ملے اور نئی صنعتوں کو سہولیت فراہم کی جاسکے۔اُنہوں نے محکمہ تعلیم کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی شمولیت اور تعلیم دیگر دو اہم شعبے ہیں جن پر ضلعی اَفسروں کو خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ بینکوں کو ہدایت دی گئی کہ وہ نوجوانوں اور خواتین کے لئے روزگار اور ذریعہ معاش پیدا کرنے کے پروگراموں کے لئے ضروری مالی مدد فراہم کریں۔لیفٹیننٹ گورنر نے فارمرز پروڈیوسرز آرگنائزیشن کو فروغ دینے اور تمام شعبوں میں کوآپریٹیو کے لئے راہیں تلاش کرنے پر بھی زور دیا۔اُنہوں نے اَفسروں سے کہا کہ وہ ایک فعال نقطہ نظر اَپنائیں او رپی ایم وشو کرما اور اِس طرح کی دیگر سکیموں کے تحت اہل اِستفادہ کنندگان کی شناخت کے لئے اہم کوششیں کریں۔لیفٹیننٹ گورنر نے بڈگام میں ملازمین کے لئے ٹرانزٹ رہائش کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیااور اکتوبر 2024 ء تک پروجیکٹ کو مکمل کرنے کی ہدایت دی۔میٹنگ میں گاندھی جینتی کے پیش نظر مختلف محکموں کے ذریعے کئے جارہے اِنتظامات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے تمام تقریبات میں اَفسروں او رسماج کے ہر طبقے کی فعال شرکت پر زور دیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام اَکشے لابرو نے ضلع میں ترقیاتی منظر نامے کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔اُنہوں نے لیفٹیننٹ گورنر کو ’شامُکت ابھیان ، جل جیون مشن ، کثیر الجہتی غریب اِنڈکس، اہم منصوبہ ، ثقافتی ورثے کی بحالی وغیرہ کے تحت ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔چیئرمین کو بتایا گیا کہ ضلع میں دکش پورٹل پر 8,342 کسان رجسٹرڈ ہیں۔اِس سے قبل لیفٹیننٹ گورنر نے مختلف عوامی وفود سے بات چیت کی اور اُنہیں ان کے پیش کردہ حقیقی مطالبات اور مسائل پر مناسب کارروائی کا یقین دِلایا۔میٹنگ میں چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا، پرنسپل سیکرٹری جنگلات و ماحولیات دھیر ج گپتا ، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر مندیپ کمار بھنڈاری ، صوبائی کمشنر کشمیر وِجے بدھوری ، ڈی آئی جی سی کے آر سری نگر سوجیت کمار اور دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔