شمولیت کا یہ میلہ جموں و کشمیر یو ٹی میں دیویانگ جن کو بااختیار بنانے کے سفر میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا:سنہا
لازوال ڈیسک
جموں ؍؍ لیفٹیننٹ گورنرمنوج سِنہااور مرکزی وزیر سوشل جسٹس اینڈ امپاور منٹ ڈاکٹر وریندر کمار نے جموں و کشمیر کے پہلے پرپل فیسٹول کا افتتاح کیا جس کا مقصد جسمانی طور خاص اَفراد کے اندر چھپی صلاحیتوں اور دیویانگ جن کی حوصلہ افزائی کرنا ہے ۔ پرپل فیسٹول دیویانگ جنوں کے تئیں لوگوں کے لئے جامع ماحول بنانے کے لئے فعال اَقدامات کرنے کی ترغیب دیتا ہے ۔مرکزی وزیر بذریعہ ورچیول موڈ اِس تقریب میں شامل ہوئے تھے ۔اِس موقعہ پر رُکن پارلیمنٹ جُگل کشور شرما بھی موجود تھے۔ اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ زندگی کے بہت سے شعبوں میں چاہے وہ موسیقی ہو، فلمیں ہوں، کھیل ہوں، آرٹ ہو یا ادب، جسمانی طور خاص اَفراد نے کامیابی اور بڑے اہداف حاصل کئے ہیں اور آج وہ پورے معاشرے کو متاثر کر رہے ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ ایسی بہت سی عظیم شخصیات نے ثابت کیا ہے کہ ان میں کسی سے کم صلاحیت نہیں ہے بلکہ وہ قوم کی تعمیر میں اَپنا کردار اَدا کرنے کی خصوصی صلاحیت رکھتے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ تقریباً 5,000 لوگ اس پروگرام میں حصہ لے رہے ہیں جو دیویانگ جن کے لئے ہے ۔ایک مکمل طور پر قابل رسائی ایونٹ، یہ خاص صلاحیتوں کے حامل افراد کے ہمت، طاقت اور عزم سے بھرے ذہنوں کو ظاہر کرنے کی ایک کوشش ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ شمولیت کا یہ میلہ جموں و کشمیر یو ٹی میں دیویانگ جن کو بااختیار بنانے کے سفر میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ دیویانگ جن کو بااختیار بنانے اور بحالی اور ایک جامع معاشرے کی تعمیر کے لئے ہر شہری کو متحد ہوکر کام کرنے کی ترغیب دے گا۔اُنہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر انتظامیہ ایک ایسا ماحول بنانے کے لئے پُرعزم ہے جو یکساں مواقع فراہم کرے اور دیویانگ جن کے حقوق کا تحفظ کرے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’ہم نے موٹرائزڈ سکوٹیز کی تقسیم میں کامیابی حاصل کی ہے۔ اِنتظامیہ نے جسمانی طور خاص طلبأ کے لئے ابھینندن ہوم کو اَپنے قبضے میں لے لیا ہے۔‘‘اُنہوں نے کہا کہ گزشتہ مالی برس میں 384 دیویانگ جن کو سرکاری نوکریاں فراہم کی گئیں۔ ریزرویشن 3 فیصد سے بڑھ کر 4 فیصد ہو گیا ہے۔ پی ایس سی یا جے کے ایس ایس بی کے تحت اسامیاں 6 ماہ کے اندرپُر کی جائیں گی۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم پرائیویٹ سیکٹر میں دیویانگ جن کے لئے روزگار کے مواقع کو یقینی بنانے کے لئے ایک قانونی فریم ورک تیار کریں گے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ تمام شراکت داروں، سوسائٹی، این جی اوز کو کثیر جہتی نقطہ نظر اور مشترکہ کوششوں کو اَپنانے کی ضرورت ہے تاکہ جسمانی طو رخاص اَفراد کو ان کی مکمل اِنفرادی صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جاسکے۔اُنہوں نے کہا،’’ نجی کمپنیوں اور اِنفرادی اِختراع کاروںنے گزشتہ چند برسوںمیں نئی ٹیکنالوجی میں متاثر کن پیش قدمی کی ہے۔ میں ان سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ دیویانگ جن کے لئے صارف دوست آلات تیار کریں جس سے ان کی بازآبادکاری کے عمل اور بااختیار بنانے میں مدد ملے گی۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے پیرا ایتھلیٹس اور کھلاڑیوں سمیت دیویانگ جن سفیروں کو ان کے متعلقہ شعبوں میں شاندار خدمات انجام دینے پر مبارک باد پیش کی۔ اُنہوں نے مستحقین میں وہیل چیئرز اور معاون آلات بھی تقسیم کئے۔دو روزہ ایونٹ میں معاون آلات کی تقسیم، مختلف شعبوں میں کھیلوں کے مقابلے، ثقافتی تقریبات، فیشن شو، ٹیلنٹ ہنٹ اور نمائش کا مشاہدہ کیا جائے گا۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر، کشمیر سیکرٹری سوشل ویلفیئر محکمہ محترمہ شیتل نندا،سینئر اَفسران، سماجی تنظیموں کے ارکان اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔